اولڈٹریفورڈ۔14 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلش فٹ بال کلب مانچسٹریونائیٹڈ نے ایک سال میں 500ملین پائونڈز سے زائد ریونیو کما کر پہلی انگلش ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔مانچسٹریونائیٹڈ کے ترجمان کے مطابق سال کے پہلے سہ ماہی عرصہ میں کلب نے 515ملین پائونڈز کا کاروبار کیا جس میں اس کے منافع کی شرح 68.9ملین پائونڈز رہی جبکہ کلب نے کمرشل ریونیو کی مد میں 268.3ملین پائونڈز کمائے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 71.4ملین پائونڈز زائد ہیں۔ مانچسٹریونائیٹڈنے کھلاڑیوں کی خریدوفروخت پر 436ملین پائونڈز خرچ کئے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں بارہ فیصد زیادہ ہیں۔ کلب ترجمان کے مطابق مستقبل میں ٹی وی اور کمرشل حقوق سے کلب کو مزید منافع کی توقع ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال ہسپانوی کلب بارسلونا سب سے زیادہ 571ملین پائونڈز ریونیو کما کر پہلے نمبر پر تھا۔