مانسون کی تاخیر سے آمدپر کسانوں کو مشکلات

نارائن پیٹ۔/27جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) امسال مانسون کی تاخیر سے آمد اور تاحال مانسون کے کمزور پڑجانے سے ریاست میں قحط جیسے حالات پیدا ہوجانے کا ماہرین موسمیات نے انتباہ دیا ہے۔ ریاست میں برقی بحران کے جلد بحال ہونے کے امکانات نہیں ہیں، تقریباً ایک ماہ گذر جانے کے باوجود بارش نہ ہونے سے یہاں کے کسانوں میں مایوسی پیدا ہوگئی ہے۔ مانسون کے انتظار میں بہت پہلے سے اپنی زمینوں کو تیار کرنے والے غریب کسان ہر روز آسمان کی طرف نظریں جمائے ہوئے ہیں۔ ہمیشہ کی طرح اس سال بھی اس امید پر کہ بارش اچھی ہوگی اور اچھی کاشت کاری کے ذریعہ اچھی فصل اگاکر پیسہ کمائیں گے اور قرض کی پابجائی بھی کی جاسکے گی، لیکن بہت جلد کسانوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ مانسون کے کمزور پڑ جانے سے اشیائے مایحتاج میں بالخصوص ترکاریوں اور دالوں کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے۔ نارائن پیٹ کے بیشتر افراد کا دارومدار کھیتی باڑی پر ہے۔ بارش کی کمی کے سبب بھک مری کے حالات پیدا ہوگئے ہیں۔ ہرسال ہزاروں افراد روزگار کے لئے پڑوسی ریاستوں کو نقل مکانی کرتے رہتے ہیں لیکن اب کی بار خدشہ ہے کہ یہ تعداد لاکھوں تک پہنچ جائیں گی۔ کوئی بھی کسان بارش پر انحصار کرکے قرض لینے کے لئے بھی تیار نہیں ہے۔ بے روزگاری کے سبب اس کے اثرات کاروبار و تجارت پر بھی پڑے ہیں چنانچہ اس سال، سال گذشتہ کی بہ نسبت تجارت ماند پڑگئی ہے۔ تجار و کاروباری حضرات اپنے کاروبار نہ چلنے اور گاہکوں کی کمی کا شکوہ کررہے ہیں۔ مانسون کے کمزور پڑجانے اور بارش نہ ہونے سے برقی کی قلت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ چنانچہ نارائن پیٹ مستقر کے علاوہ ضلع مستقر محبوب نگر میں برقی گھنٹوں مسدود کی جارہی ہے۔ پانی کی اس سال شدید قلت کی بھی پیش قیاسی کی جارہی ہے۔ نارائن پیٹ کی تمام مساجد میں آج بعد نماز جمعہ بارش کے لئے دعائیں کی گئیں۔