مانسون بہتر ‘ اگسٹ میں اچھی بارش کی پیش قیاسی

نئی دہلی 26 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک کے وسیع علاقوں میں خوشیاں بکھیرنے والی ایک پیشقیاسی میں محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے کہا کہ جنوب مغربی مانسون کی سرگرمی میں اضافہ ہوگیا ہے اور امکان ہے کہ یہ سلسلہ ماہ اگسٹ تک جاری رہے گا ۔ ماہ اگسٹ میں مانسون کی بارش معمول کے مطابق ہوسکتی ہے ۔ سکریرٹی وزارت طبقات الارض شیلیش نائک نے کہا کہ جولائی کے مہینے میں یہ امید کی جا رہی ہے کہ طویل مدتی پیش قیاسی کے مطابق 93 فیصد تک بارش ریکارڈ ہوسکتی ہے جبکہ ماہ اگسٹ میں 96 فیصد تک بارش ہوسکتی ہے جو معمول کے مطابق ہے ۔ انہوں نے تاہم کہاکہ انہیں ماہ جولائی کے آخری چند ایام میں بارش کی صورتحال پر بھی نظر رکھنا ہوگا ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے پہلے ہی کہا گیا تھا کہ جاریہ سال مانسون کی بارش معمول سے کم ہوگی۔