حیدرآباد ۔ /24 جنوری (سیاست نیوز) مالی پریشانی سے بیوی بچے کی پرورش اور قرض کے بوجھ سے دلبرداشتہ ایک شخص نے خودکشی کرلی ۔ پولیس سرور نگر نے ایک اطلاع پر ہاسٹل کے کمرے سے مسخ شدہ نعش کو برآمد کرلیا ۔ اور اس کی شناخت ایم ناگیندر ریڈی کی حیثیت سے کرلی گئی جس کی عمر 26 سال تھی اور یہ شخص ضلع گنٹور سے اسٹاف سلیکشن کمیشن کی تربیت کیلئے آیا ہوا تھا ۔اکٹوبر 2016 ء سے دلسکھ نگر کے علاقہ مدھورا پوری کالونی میں واقع ایک بوائز ہاسٹل میں رہتا تھا ۔ ناگیندر ریڈی کی شادی 2 سال قبل شوبھا سے ہوئی تھی اور اس کا ایک بیٹا بھی ہے ۔ گنٹور میں اس نے کافی قرض حاصل کیا تھا اور ملازمت کی تلاش میں تھا ۔ قرض کی ادائیگی کے علاوہ بیوی بچے کی پرور ش کے مسئلہ پر وہ کافی پریشان رہتا تھا ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ حالات سے دلبرداشتہ ہوکر اس نے انتہائی اقدام کیا ۔