مالک کے مکان سے لاکھوں روپئے کا سرقہ

بنگال اور بہار کے دو گھریلو ملازمین گرفتار ، رقم برآمد
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون (سیاست نیوز) مالک مکان کے گھر میں لاکھوں روپئے کی نقد رقم کے سرقہ میں ملوث دو گھریلو ملازم کو رام گوپال پیٹ پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے بموجب 25 سالہ سی ایچ رنکو چٹرجی متوطن مغربی بنگال اور اس کا ساتھی 21 سالہ ستمبر راج جس کا تعلق بہار سے ہے، باپو باغ کالونی سکندرآباد کے ساکن نتن کمار کے مکان میں باورچی اور گھریلو ملازم کی حیثیت سے ملازمت حاصل کی ۔ اپنے مالک کا اعتماد حاصل کرنے کے بعد دونوں مذکورہ ملازمین نے نتن کمار کے مکان میں سرقہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ 26 جون کو نتن کمار اپنے فیملی کے ہمراہ رات کے کھانے کیلئے ہوٹل گیا ہوا تھا کہ چٹرجی اور ستمبر راج نے مکان کے عقبی دروازہ داخل ہوکر مکان کے سی سی ٹی وی کیمروں کو سوئچ آف کردیا اور الماری میں موجود 13 لاکھ 50 ہزار نقد رقم کا سرقہ کرتے ہوئے اپنے کرایہ کے مکان میں منتقل کردیا۔ سرقہ کے باوجود وہ اپنے آپ کو بے قصور ثابت کر رہا تھا، پولیس نے شبہ کی بنیاد پر دونوں کو تحویل میں لیکر تفتیش کے دوران انہوں نے اپنا جرم قبول کرلیا۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کے قبضہ سے مسروقہ نقد رقم برآمد کرلی۔