مارک ووڈ پاکستان کیخلاف فائنل ٹسٹ نہیں کھیل پائیں گے

شارجہ ۔ 30 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) شارجہ میں پاکستان کیخلاف اتوار سے شروع ہونے والے تیسرے اور فائنل ٹسٹ کرکٹ میچ میں انگلینڈکے بولر مارک ووڈ شامل نہیں رہیں گے جنھیں کہنی میں زخم کے سبب آرام درکار ہے ۔ دبئی میں کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ میچ میں انگلینڈ کو اگرچہ 178 رنز سے شکست ہوگئی تھی لیکن ڈرہم سے تعلق رکھنے والے انگلینڈ کے پیسر 25 سالہ مارک ووڈ پاکستان کے پانچ وکٹ لیتے ہوئے اپنی ٹیم کے بہترین بولر ثابت ہوئے تھے ۔ انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ نے جمعہ کو توثیق کی کہ وہ ( مارک ووڈ ) فائنل ٹسٹ میچ میں شامل نہیں رہیں گے جنھیں آرام کی ضرورت ہے ۔ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ اُن کی سرجری بھی ہوسکتی ہے جس کا مطلب یہ ہوگا کہ وووڈ کو ایک طویل عرصہ تک کھیل سے دور رہنا ہوگا ۔ ان کی جگہ ناٹنگھم شائر کے آل راؤنڈر سامت پٹیل کو شامل کیا جاسکتا ہے کیونکہ انگلینڈ ٹیم انتظامیہ کا خیال ہے کہ شارجہ کی پچ اسپنرس کیلئے مددگار ہوگی ۔ پاکستان کو تین ٹسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 سے برتری حاصل ہے۔ ابو ظہبی میں کھیلا جانے والا پہلا ٹسٹ ڈرا ہوا جبکہ دبئی ٹسٹ میں انگلینڈ کو 178 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔