مارکٹ یارڈ کلواکرتی میں تھیلوں کی کمی سے کسان پریشان

کلواکرتی ۔26 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلواکرتی مارکٹ یارڈ میں کثیر مقدار میں مکئی کے بیج کا اسٹاک جمع ہے لیکن تھیلوں کی کمی کے سبب کسان کافی پریشان ہیں ۔ تھیلوں کی کمی کے سبب حمال بھی پریشان ہیں ۔ کلواکرتی مارکٹ سے ابھی تک مارکفیڈ کو 42ہزار تھیلے بھیجے جاچکے ہیں ‘ یہ بات انچارج بھوپال ریڈی نے میڈیا کو بتائی اور بتایا کہ ابھی بھی پرانے 7500 تھیلوں میں اور کسانوں کے 4500 تھیلوں میں اناج بھرکر رکھا ہواہے جبکہ کئی اناج کے ڈھیر جو کہ فی ڈھیر 1200تھیلوں پر مشتمل ہے ۔ سی سی پلیٹ فارم پر پڑا ہوا ہے جبکہ اناج کھلا رہنے کے سبب زمینی جانور اناج کو برباد کررہے ہیں ۔جس کے سبب سجاپور ‘کلواکرتی مارچل گاؤں کے کسان مارکٹ یارڈ میں کافی پریشان ہیں ‘ جہاں پر اناج پرانے تھیلوں میں بھرا ہوا ہے اس کو دوبارہ نئے تھیلوں میں بھرنا پڑتا ہے تب جاکر ہی مارکفیڈ والے اس کو قبول کرتے ہیں ‘ کچھ کسانوں کا کہنا ہیکہ حمال جہاں تھیلوں کی تبدیلی کیلئے فی تھیلہ 2روپئے وصول کررہے ہیں وہیں کسانوں سے تھیلے منتقل کرنے کیلئے 12تا 15روپئے فی تھیلہ وصول کررہے ہیں ۔ آج تک مارکٹ یارڈ کو جملہ 45 ہزار تھیلے وصول ہوئے ہیں جبکہ ابھی بھی 20ہزارتھیلوں کی سخت ضرورت ہے ۔ ارباب مجاز سے کسانوں کا مطالبہ ہیکہ جلد سے جلد تھیلوں کا انتظام کرتے ہوئے ان کی پریشانیوں کو ختم کریں۔