مادنا پیٹ تصادم:بلڈرس گروپ کے چھ افراد گرفتار

اراضی پر دو فریقوں میں تنازعہ، ویڈیو فٹیج کا پولیس تجزیہ
حیدرآباد ۔ 25۔ مئی (سیاست نیوز) مادنا پیٹ کے علاقہ دھوبی گھاٹ میں دونوں گروپس میں تصادم کے دوران پیش آئے گڑبڑ، فساد و ہنگامہ آرائی کے سلسلہ میں پولیس نے 6 ملزمین کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بن تریف بلڈرس پرائیوٹ لمٹیڈ سے تعلق رکھنے والے 6 افراد 36 سالہ سید جعفر علی، 26 سالہ سید سہیل ساکن ریاست نگر ، 27 سالہ حامد مسعود ساکن صلالہ بارکس ، 28 سالہ سید غوث ، 23 سالہ سید طاہر ساکن بنڈلہ گوڑہ چندرائن گٹہ اور 40 سالہ واچ مین شیخ محمود کو مادنا پیٹ پولیس نے تعزیرات ہند کے دفعات 147, 148, 448, 427, 323, 324, 354, 353, 506 اور 149 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ واضح رہے کہ دھوبی گھاٹ علاقہ میں واقع اراضی پر گزشتہ دو سال سے دونوں فریقوں کے درمیان تنازعہ چل رہا ہے، جس کے نتیجہ میں 23 مئی کو دھوبی گھاٹ کے مقامی عوام نے عدالتی احکامات کے باوجود متنازعہ اراضی پر تعمیرات کی کارروائی جاری رکھنے کے خلاف احتجاج منظم بھی کیا تھا جس پر بن تریف بلڈرس سے وابستہ بعض افراد نے ان پر لاٹھیوں سے حملہ کیا تھا۔ اس تصادم میں سنگباری کے واقعات بھی پیش آئے تھے۔ اس سلسلہ میں معلومات حاصل کرنے پر ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنہ نے بتایا کہ ویڈیو ریکارڈنگ اور سی سی ٹی وی کی بنیاد پر 6 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور تمام ملزمین کے موبائیل فون ریکارڈس کی تفصیلات بھی حاصل کئے گئے ہیں جس میں بن تریف بلڈرس کے بعض ذمہ داران کے رول کا انکشاف ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کیس میں مزید تحقیقات جاری ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کا تجزیہ کیا جارہا ہے تاکہ دیگر ملزمین کی نشاندہی کی جاسکے۔