مائیکل کلارک پہلے ٹسٹ سے باہر : رپورٹس

ایڈیلیڈ۔ 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) زخمی کپتان مائیکل کلارک ہندوستان کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے ٹسٹ سے باہر ہوچکے ہیں کیونکہ کلارک کو اپنی فٹنس ثابت کرنے کی ہدایت دی گئی تھی جس کیلئے انہیں جمعہ کو ایڈیلیڈ میں دورہ کنندہ ہندوستانی ٹیم کے خلاف دو روزہ وارم اپ مقابلہ میں شرکت کرنی لازم تھی لیکن زخمی کلارک اس مقابلہ سے دستبردار ہوچکے ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا نے واضح کردیا تھا کہ مائیکل کلارک کو بارڈر ۔ گواسکر سیریز کے پہلے مقابلہ میں جو کہ 4 ڈسمبر کو گبا میں شروع ہوگا، اس میں شرکت کیلئے ایڈیلیڈ میں ہندوستان کے خلاف دو روزہ وارم اپ مقابلہ میں شرکت کرتے ہوئے اپنی فٹنس ثابت کرنی ہوگی۔ دوسری جانب کلارک نے واضح کردیا ہیکہ وہ ایڈیلیڈ مقابلہ میں شرکت کیلئے مکمل صحتیاب نہیں ہیں لیکن اپنی فٹنس ثابت کرنے کیلئے وہ ہفتہ کو سڈنی گریڈ کے مقابلہ میں شرکت کریں گے۔ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہیکہ اگر مائیکل کلارک سی اے الیون کے مقابلہ میں ہندوستان کے خلاف اپنی فٹنس ثابت کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو پھر وہ آئندہ ہفتہ کسی بھی قسم کے مقابلہ میں شرکت نہیں کر پائیں گے۔ نیز ان کی ٹیم میں واپسی کا مسئلہ دوسرے ٹسٹ سے مربوط ہوجائے گا جوکہ 12 ڈسمبر کو ایڈیلیڈ میں شروع ہوگا۔