حیدرآباد ۔ /16 نومبر (سیاست نیوز) مائیلاردیوپلی علاقہ میں پیش آئے قتل کی واردات میں ایک روڈی شیٹر نے طالب علم کا بہیمانہ طور پر قتل کردیا ۔ تفصیلات کے بموجب کالاپتھر پولیس اسٹیشن کے روڈی شیٹر شاہ نور غازی عرف عرفان نے شاستری پورم کے علاقے شیش پہاڑ میں /15 نومبر کو محمد شکیب نامی شخص پر مبینہ طور پر حملہ کیا تھا اور وہ وہاں سے راہ فرار اختیار کرلی تھی ۔ روڈی شیٹر اور اس کے ساتھیوں نے شکیب کا تعاقب کیا لیکن اس کا پتہ نہ لگا سکے ۔ روڈی شیٹر شاہ نور اور اس کے 6 ساتھیوں نے مائیلاردیوپلی کے علاقے انصاری روڈ پہونچ کر جاوید پان شاپ کے قریب مبینہ ہنگامہ آرائی کرنا شروع کردیا اور وہاں موجود محمد ساجد کو مبینہ زخمی کردیا ۔ روڈی شیٹر اور اس کے ساتھیوں کی غنڈہ گردی مبینہ کی ویڈیو گرافی کرنے والے 19 سالہ طالب علم محمد مشتاق پر مبینہ روڈی شیٹر شاہ نور نے تیز دھار چاقو سے حملہ کردیا اور اس کے سینے پر مسلسل ضربات لگائے ۔ اس حملے میں مشتاق برسرموقع ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا بھائی محمد ارباز نے اپنے بھائی کے قتل کی مبینہ ویڈیو گرافی کی ۔ قتل کے بعد روڈی شیٹر وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا لیکن پولیس نے ارباز کی ویڈیو گرافی کی مدد سے روڈی شیٹر کی شناخت کرتے ہوئے اسے اندرون 10 گھنٹے گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس شمس آباد این پرکاش ریڈی نے کہا کہ شاہ نور غازی کالاپتھر کا روڈی شیٹر ہے اور اس کے خلاف سینکڑوں مقدمات درج ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محض ویڈیو گرافی کے مسئلہ پر روڈی شیٹر نے انٹرمیڈیٹ طالب علم کا قتل کیا ہے ۔ پولیس نے گرفتار روڈی شیٹر اور اس کے ساتھیوں کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے اسے جیل بھیج دیا ۔