مائوں پر تربیت اولاد کی عظیم ذمہ داری

ناندیڑ۔10جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) علم دین کا حاصل کرنا ہر مسلمان مرد اور عورت پر فرض ہے اور اس علم سے استفادہ بھی ضروری ہے۔ اسلام میں علم کی بڑی اہمیت بیان کی گئی ہے۔ انسان کی برتری کا راز بھی علم ہے۔ اسلام نے دین و دُنیا کے علم کے درمیان کوئی تفریق نہیں کی ہے بلکہ اس نے حکم دیا ہے کہ حقیقی علم کتاب وسنت کی رہنمائی میں جملہ علوم و فنون کو مسخر کرو۔طالب علم کا رُتبہ اسلام میں بہت بلند ہے ۔ اس پر اللہ رب العزت کی رحمتیں اور برکتیں جلوہ افگن رہتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار محترمہ عالمہ فاضلہ شمیم فاطمہ صاحبہ( ناگپور )نے آج ناندیڑ شہر کے حیدر گارڈن میں منعقد لڑکیوں کی معروف دینی درسگاہ مدرسۃ البنات فاطمۃ الزھراء ؓ کا تیسرا سالانہ ایک روزہ عظیم الشان’’جلسہ رداء پوشی‘‘و تقسیم اسناد کے موقع بیان فرمایا ۔ شہر کے حیدر گارڈن میں منعقد مدرسۃ البنات فاطمۃ الزھراء ؓ کے جلسہ ردا ء پوشی و تقسیم اسناد کے انعقاد کے موقع پر محترمہ عالمہ ،قاریہ گلنار فاطمہ نے تلاوت کلام پاک کی آیات سے محفل کا آغاز فرمایا۔ محترمہ عالمہ فاضلہ شمیم فاطمہ صاحبہ نے مزید کہا کہ دینی مدارس کی قدر کریں، ان کا ہر لحاظ سے تعاون کریں اپنے بچوں کو ان میں شریک کروائیں عصری علوم کے ساتھ دینی تعلیم کی بھی اپنے بچوں کیلئے فکریں کریں ۔ اپنے گھر کے ماحول کو دین کا ماحول دیں اور خاص طور پر لڑکیوں اور خواتین کی اصلاح پر خصوصی توجہ دیں۔محترمہ عالمہ فاضلہ عُظمٰی فاطمہ نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ مدرسہ کی طالبات نے حمد، نعت ، منقبت و بیان سے خواتین کو دینی باتوں سے آگاہ فرمایا۔ اس موقع پر آٹھ طالبات کی رداء پوشی کی گئی او ر انہیں سند عالمیت سے نوازا گیا۔ محترمہ عالمہ فاضلہ شمیم فاطمہ نے آخر میں خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ مائیں اپنی ذمہ داریوں کو سمجھے اور اپنی اولاد کی اچھی تربیت کریں تاکہ معاشرہ کی اصلاح ہوسکے۔ اہلیہ الحاج جیلانی بھائی رضوی ، اہلیہ الحاج محمود علی صاحب ، والدہ جناب ولی الدین بھائی میکانک ، ودیگر کی جانب سے مہمان باجی کی گلپوشی کی گئی ۔ آخیر میں محترمہ کوثر فاطمہ صاحبہ اہلیہ مولانا عبدالعظیم رضوی نے تمام خواتین کا شکریہ اداء کیااور دُورودو سلام کے ساتھ یہ محفل کا اختتام عمل میں آیا۔