مئی ڈے پر مودی ،اکھیلیش نے سرکاری فنڈ ضائع کئے

طویل تقاریرسے مزدوروں کا بھلا نہیں ہوگا، ٹھوس اقدامات ناگزیر : مایاوتی

لکھنؤ ۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی نے آج وزیراعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر اترپردیش اکھیلیش یادو پر تنقید کرتے ہوئے انہیں مئی ڈے کے موقع پر مزدوروں کے حالات کو بہتر بنانے کے اقدامات کرنے کی بجائے سرکاری تقریبات کے انعقاد کیلئے رقومات ضائع کرنے کا موردالزام ٹھہرایا۔ مایاوتی کے حوالہ سے پارٹی کے یہاں جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ گذشتہ روز مئی ڈے پر سرکاری تقریبات کے انعقاد کیلئے رقم ضائع کرنے اور طویل تقریریں کرنے کے بجائے اگر مزدوروں کی روزانہ کی اجرت میں اضافہ کیا جاتا تو یہ ان کیلئے اس موقع پر زیادہ اچھی بات ہوتی۔ وزیراعظم کے گذشتہ روز بلیا (اترپردیش) میں کئے گئے اس اعلان کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہ وہ ’’شرامک نمبر 1‘‘ (ورکر نمبر 1) ہیں، مایاوتی نے کہا کہ ان سے قبل کانگریس قائدین بھی خود کیلئے ایسی اصطلاحات استعمال کرتے تھے کہ وہ جنتا کے سیوک اور مکھیہ سیوک ہیں اور اب مودی ان کی تخلیق کررہے ہیں اور عوام کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح اترپردیش حکومت کے سربراہ نے بھی اعلان کیا کہ چار سرکاری تعمیراتی مقامات کا برسرکار افراد کو 10 روپئے فی کس لنچ حاصل ہوگا لیکن سستی شہرت حاصل کرنے کے مقصد سے کئے جانے والے اس طرح کے اعلانات اور ایسی اسکیمات سے کیا ریاست کے کروڑہا غریبوں اور مزدوروں کی زندگیاں بہتر ہوجائیں گی۔ ’’میں سمجھتی ہوں کہ یہ سب چشم پوشی کی حرکتیں ہیں‘‘۔