لندن ، 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی کاونٹی یارکشائر کے لیگ اسپنر عادل رشید کو ایشز سیریز کیلئے انگلینڈ کے اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ 27 سالہ عادل رشید کو 8 جولائی سے شروع ہونے والے پانچ میچوں کی ٹسٹ سیریز کیلئے 13 رکنی ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔ عادل اس سے پہلے ایک روزہ میچوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ انگلینڈ کی ٹیم کے اسپین میں منعقدہ کیمپ کیلئے ٹیم میں عادل کو شامل نہیں کیاگیا تھا۔ البتہ انگلینڈ کے نئے آسٹریلیائی کوچ ٹریور بیلس کے جائزہ حاصل کرنے کے بعد عادل کو ٹیم میں شامل کر لیاگیا ہے۔ عادل کو قطعی گیارہ میں جگہ بنانے کیلئے ایک اور ایشیائی نژاد معین علی سے مسابقت درپیش ہوگی۔ معین آف اسپنر ہیں جبکہ عادل لیگ اسپنر۔ کپتان السٹیر کک کی انگلش ٹیم میں معین ، جوس بٹلر، آڈم لائیتھ، مارک ووڈ اور عادل ایسے کھلاڑی ہیں جن کی یہ پہلی ایشز سیریز ہو گی۔ 33 سالہ ایئن بیل اپنی ساتویں ایشز کھیلیں گے۔ عادل کو ویسٹ انڈیز جانے والی انگلینڈ کی ٹیم میں شامل کیاگیا تھا لیکن انھیں وہاں میچ کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا تھا۔ عادل نے اسکواڈ میں منتخب ہونے کے بعد کہا کہ یہ ہر نوجوان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ٹسٹ میچ میں کھیلے اور مجھے ایشز اسکواڈ میں شمولیت پر بہت خوشی ہے۔ امید ہے کہ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر پاؤں گا۔ 2013ء میں ٹسٹ ٹیم سے نکالے جانے والے اسٹیفن فن کو دوبارہ اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے عادل رشید کی ٹیم میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ایشز سیریز کیلئے انگلینڈ کی 13 رکنی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گی: السٹیر کک (کپتان)، آڈم لائیتھ، گیری بیلنس، ایئن بیل، جو روٹ، بین اسٹوکس، جوس بٹلر (وکٹ کیپر)، اسٹیوارٹ براڈ، جیمز اینڈرسن، مارک ووڈ، اسیٹفن فن، معین علی اور عادل رشید۔