لیگ اسپنر شاداب انگلینڈ کیخلاف سیریز سے باہر

کراچی۔ 21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)پاکستان کے لیگ اسپنر شاداب خان وائرس کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف ہونے والی ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔انگلینڈ سیریز کے لئے شاداب کی جگہ ٹیم میں یاسر شاہ کو شامل کیا گیا ہے ۔پاکستان ورلڈ کپ کی تیاری کے لئے انگلینڈ میں یہ سیریز کھیلے گا۔ شاداب کی بیماری کے بارے میں ابھی کچھ واضح نہیں ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ شاداب کو وائرس ہے اور ان کا علاج اور آرام کی ضرورت ہے ۔شاداب پاکستان کی ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ ہیں اور اگر شاداب ورلڈ کپ کے لئے فٹ نہیں ہو پاتے ہیں تو پاکستان 23 مئی تک بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی اجازت کے بغیر ٹیم میں تبدیلی کر سکتا ہے ۔تفصیلات کے مطابق لیگ اسپنر شاداب خان کے بلڈ ٹیسٹ کی رپورٹ درست نہیں آئی ہے اور شاداب خان کا دوبارہ ٹیسٹ کرایا جائے گا اگر رپورٹ درست نہ آئی تو شاداب خان کی ورلڈ کپ میں شمولیت مشکوک ہو جائے گی۔چیف سلیکٹر انضمام الحق نے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شاداب خان کی میڈیکل رپورٹس مثبت آئی ہے ۔شاداب خان کو 4 ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے ۔واضح رہے 5 ٹیسٹ، 34 ایک روزہ اور 32 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے لیگ اسپنر شاداب خان ورلڈکپ کے لیے اعلان کردہ 15 رکنی ٹیم کا حصہ ہیں۔