لیگ اسپنر امیت مشرا کی 4 سال بعد ٹسٹ اسکواڈ میں واپسی

نئی دہلی ، 23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) لیگ اسپنر امیت مشرا نے آج نیشنل ٹسٹ ٹیم میں چار سال کے وقفے کے بعد واپسی کی جبکہ ویٹرن ہربھجن سنگھ نے آنے والے دورۂ سری لنکا کیلئے 15 رکنی اسکواڈ میں اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔ 32 سالہ مشرا کی شمولیت کے سوا اس ٹیم میں کوئی بڑی حیران کن تبدیلی نہیں جبکہ سلیکٹرز نے ایک دو نہیں بلکہ 14 کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے، جنھوں نے اس ماہ کے اوائل بنگلہ دیش کا واحد ٹسٹ کیلئے دورہ کیا تھا۔ لیگ اسپنر راہول شرما واحد کھلاڑی ہے جسے انجری کے باعث باہر رکھا گیا جبکہ نوجوان بیٹسمن لوکیش راہول نے اپنی جگہ اس اسکواڈ میں برقرار رکھی، جس کا اعلان بی سی سی آئی سکریٹری انوراگ ٹھاکر نے سلیکشن کمیشن میٹنگ کے بعد کیا، جس میں ٹسٹ کپتان ویراٹ کوہلی بھی شریک ہوئے۔ سلیکٹرز نے پھر ایک بار ویٹرن کھلاڑیوں جیسے گوتم گمبھیر، ویریندر سہواگ اور پرگیان اوجھا کو نظرانداز کیا ہے۔ رویندر جڈیجا جو حالیہ عرصہ میں اچھے فام میں نہیں رہے، انھیں دوبارہ ٹسٹ اسکواڈ سے باہر رکھا گیا ہے۔ گال (12 تا 16 اگسٹ پہلے ٹسٹ کی میزبانی کرے گا جبکہ کولمبو (20 تا 24 اگسٹ اور 28 اگسٹ تا 2 ستمبر) میں دیگر دو میچز منعقد ہوں گے۔ اسکواڈ: ویراٹ کوہلی (کیپٹن)، شکھر دھون، مرلی وجئے، لوکیش راہول، چتیشور پجارا، اجنکیا رہانے، روہت شرما، وردھیمان ساہا (وکٹ کیپر)، ہربھجن سنگھ، آر اشوین، اومیش یادو، ایشانت شرما، بھونیشور کمار، امیت مشرا اور ورون آرن۔