لیک پولیس کے طرز پر نواحی علاقوں کے تفریحی مقامات پر بھی سخت چوکسی

حیدرآباد /20 مئی ( سیاست نیوز ) شہر کے نواحی علاقوں کے تاریخی تفریح مقامات و آبی ذخائر پر سیکوریٹی کو سخت کرنے اور چوکسی بڑھانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ شہر کے نکلس روڈ اور حسین ساگر کے اطراف چوکسی کیلئے تشکیل کردہ ’’ لیک پولیس ‘‘ کی طرز پر سائبرآباد میں بھی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ امکان ہیکہ عنقریب عثمان ساگر ( گنڈی پیٹ ) اور حمایت ساگر کیلئے ’’ لیک پولیس ‘’ تشکیل دی جائے گی ۔ اس جانب کمشنر پولیس سائبرآباد نے اقدامات کا آغاز کردیا ہے اور جگہ و مقام کیلئے معائنہ و جانچ بھی جاری ہے ۔ کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر سی وی آنند نے 6 محکمہ آبرسانی اور دیگر محکموں کے اعلی عہدیادروں کے ہمراہ دونوں تاریخی آبی ذخائر کا معائنہ کیا ۔ امکان ہے کہ ان دونوں تاریخی آبی ذخائر کے علحدہ پولیس اسٹیشن عنقریب قائم کئے جائیں گے ۔ گھریلو تنازعات ، عاشقی ، پیار محبت ، میں ناکامی ، انتقامی کارروائیاں خودکشی کے واقعات آئے دن ان دونوں آبی ذخائر سے نعشوں کی برآمدی کی روک تھام کو اب ممکن بنایا جاسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ منچلے نوجوانوں کی رنگریلیاں ، موٹر سائیکلوں کی ریسلنگ ، بائیک اسکیٹنگ ، موٹر ریسلنگ ، لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ نچلی حرکتیں اب ان علاقوں میں سنگین ثابت ہوں گی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سرقہ رہزنی ، خودکشی ، چھیڑ چھاڑ کے علاوہ دیگر غیر سماجی حرکتوں کو بھی روکنا کافی حد تک ممکن ہوپائے گا ۔ حیدرآباد کے تفریح مقام نکلس روڈ پر قائم کردہ ’’ لیک پولیس ‘‘ کے بہترین نتائج کے بعد اب سائبرآباد پولیس نے بھی لیک پولیس کی خدمات کے طور پر اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔