حیدرآباد۔ /29 مئی (سیاست نیوز) لیک پولیس نے آج ایک خاتون اور اسکے تین کمسن بچوں کو حسین ساگر جھیل میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرنے سے بچالیا ۔ پولیس کے بموجب 26 سالہ ماریا جشونتا پیشہ سے گھریلو ملازمہ ہے اور ملکاجگری سکندرآباد کی ساکن ہے ۔ اس کی شادی 2009 ء میں ہوئی تھی اور اسے مسلسل تین لڑکیاں تولد ہوئیں جس کے نتیجہ میں اس کا شوہر اویناش آئے دن اسے ذہنی اذیتیں دیا کرتا تھا ۔ خاتون کے شوہر نے ایک دوسری خاتون سے ناجائز تعلقات قائم کرلئے اور آئے دن وہ اپنی بیوی سے جھگڑا کرتا تھا ۔ شوہر کی ہراسانی اور بدکرداری سے دلبرداشتہ ماریا نے آج حسین ساگر جھیل پہونچ کر اپنے تین کم عمر بچوں گیتاشری ، کاویہ شری اور تن مے کے ہمراہ چھلانگ لگاکر خودکشی کرنے کی کوشش کر رہی تھی کہ لیک پولیس کے عملہ نے خاتون کے اس اقدام کو ناکام بنادیا اور اسے فوری حراست میں لیکر لیک پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا جہاں پر انسپکٹر سری دیوی نے اس کی کونسلنگ کی اور شوہر کو پولیس اسٹیشن طلب کرکے بیوی کو حوالے کردیا۔