پونے 2 فروری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے خلاف کل یہاں شروع ہونے والے ڈیوس کپ مقابلوں میں ہندوستان کے ٹینس اسٹار لینڈر پیس پر تمام نظریں مرکوز ہوں گی کیوں کہ انھیں دوہرا عالمی ریکارڈ بنانے کا موقع دستیاب ہے اور ممکن ہے کہ وہ آخری مرتبہ ڈیوس کپ میں ہندوستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔ 18 مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپئن پیس کل 55 ویں ڈیوس کپ مقابلے میں شرکت کررہے ہیں جوکہ اطالوی نیکولا پیٹرنگل کے ریکارڈ کے برابر ہے اور ایک کامیابی کے ذریعہ وہ ڈبلز میں 42 ویں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ جوکہ ایک نیا عالمی ریکارڈ ہوگا۔ ہفتہ کو اگر وہ ایک اور کامیابی حاصل کرلیتے ہیں تو اِن کے نام ایک اور عالمی ریکارڈ درج ہوجائے گا۔ دریں اثناء پیس نے آخری لمحات میں وشنو وردھن کے ساتھ جوڑی بنائی ہے جوکہ لندن اولمپکس میں اِن کے ساتھی کھلاڑی تھے حالانکہ پہلے اِن کے ساتھی کھلاڑی سیکت منینی تھے جو آخری لمحہ تک بھی اپنے زخموں سے صحتیاب نہیں ہوپائے کیوں کہ گزشتہ ماہ منعقدہ چینائی اوپن میں وہ زخمی ہوئے تھے۔ ہندوستانی ٹینس ٹیم کے کپتان امرت راج نے یہاں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سیکت آخری لمحات تک بھی زخم سے صحتیاب نہیں ہوپائے ہیں اِس لئے وشنو کو پیس کا ساتھی بنایا گیا ہے اور 43 سالہ پیس پہلی مرتبہ پونے میں مقابلے کررہے ہیں۔ پیس اور اِن کے ساتھی وردھن کل ڈبلز زمرہ کے پہلے مقابلے میں نیوزی لینڈ کے آرٹمس سیٹک اور مائیکل وینس پر مشتمل جوڑی کے خلاف ایکشن میں ہوں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان مقابلے کے ڈرا کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس میں امرت راج نے کہاکہ پہلے روہن بوپنا کو فون کرتے ہوئے انھیں لینڈر پیس کا جوڑی دار بنانے کی بات کہی گئی تھی لیکن یہ فیصلہ قطعی فیصلہ ثابت نہ ہوسکا۔ اِن کے علاوہ دیگر دو کھلاڑیوں کے نام پر بھی غور کیا گیا لیکن بالآخر وردھن کو جوڑی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ابتدائی مقابلے میں عالمی درجہ بندی میں 368 ویں مقام پر فائز یوکی بھامری سنگلز کامقابلہ فن پیرنی کے خلاف کریں گے جن کا عالمی درجہ بندی میں 414 واں مقام ہے۔