لیبیا:عبداللہ الثانی زیر قیادت عبوری حکومت مستعفی

طرابلس ، 29 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) عبداللہ الثانی کی زیر قیادت لیبیا کی عبوری حکومت نے منتخب پارلیمنٹ کو استعفا پیش کر دیا ہے۔ یہ استعفا ایک اسلام پسند حریف انتظامیہ کی تشکیل کیے جانے کے اگلے روز کیا گیا ہے۔ عبوری حکومت ملک کے مشرقی حصے کو اسلام پسندوں سے بچانے کیلئے سرگرم ہے جو طرابلس میں مضبوط ہو چکے ہیں۔ لیبیا کی قومی کانگریس کے ترجمان عمر احمدان نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ’’عبوری حکومت نے تبروک میں قائم پارلیمنٹ کو سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر استعفا پیش کیا ہے‘‘۔ واضح رہے منتخب پارلیمنٹ نے صرف تین روز پہلے ہی اپنی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔ قومی کانگریس نے عبداللہ الثانی کو بر طرف کر کے ان کی جگہ عمر الحسی کو اقتدار منتقل کر دیا ہے۔ اسلام پسندوں نے قومی کانگریس سے غیر ملکی طیاروں کے حملوں کے بعد پارلیمنٹ پر ملی بھگت کا الزام عاید کیا تھا۔ واضح رہے اسلام پسندوں نے طرابلس ائیر پورٹ پر قبضے کے اپنے دعوے کے حوالے سے تصاویر بھی جاری کی ہیں۔ ان تصاویر میں اسلام پسند قبضے کی خوشی مناتے نظر آرہے ہیں۔