طرابلس ، 19 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)لیبیائی وزیراعظم علی زیدان نے کہا کہ سابق باغی ملیشیا کے ساتھ ’’مفاہمت‘‘ ہوگئی ، جس نے عبوری اسمبلی کو حوالگی اقتدار کی قطعی مہلت دی تھی۔ فوج کے الزنتان بریگیڈز نامی گروپ نے قومی عبوری کونسل پر الزام عائد کیا کہ وہ ملک میں انتخابات اور جمہوریت کے نام پر ملکی اقتدار پر قابض ہے اور دھمکی دی ہے کہ اگر پارلیمنٹ نے پانچ گھنٹوں کے دوران اقتدار کی منتقلی کا اعلان نہیں کیا تو وہ پارلیمنٹ اور عبوری کونسل پر قبضہ کرلے گی۔ زیدان نے کل کہا کہ مہلت میں 72 گھنٹے کی توسیع کردی گئی لیکن مفاہمت کی تفصیلات سے گریز کرتے ہوئے صحافیوں سے بس اتنا کہا کہ ملیشیا، اسمبلی اور اقوام متحدہ کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے بعد ’’سوجھ بوجھ مقدم رہی‘‘ ہے۔