لڑکی تولد ہونے پر بیوی کو طعنے دینے پر مقدمہ

لڑکی تولد ہونے پر بیوی کو طعنے دینے پر مقدمہ
حیدرآباد 24 نومبر (سیاست نیوز)لڑکی کے تولد ہونے پر بیوی کو ہراساں کرنے والے ایک شخص کے خلاف ایل بی نگر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ پولیس کے بموجب لنگا ریڈی ساکن این ٹی آر نگر ایل بی نگر کی شادی چند عرصہ قبل دیویا سے ہوئی تھی اور اسے حال ہی میں لڑکی تولد ہوئی تھی ۔ لنگا ریڈی لڑکی تولد ہونے سے اپنی بیوی سے ناراض تھا اور اس سلسلہ میں وہ مسلسل ہراساں کررہا تھا ۔اتنا ہی نہیں لنگا ریڈی نے ایک اور خاتون انورادھا سے دوسری شادی کی اور اپنے پہلی بیوی کو اس کے میکہ چلے جانے کیلئے کہا جس پر دیویا نے آندھرا پردیش بال ہکولہ سنگھم کے ہمراہ ایل بی نگر پولیس میں شکایت درج کروائی ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔
نارسنگی میں خاتون کا بہیمانہ قتل
حیدرآباد 24 نومبر (سیاست نیوز)نارسنگی پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آئے ایک واقعہ میں ایک خاتون کا بے دردانہ طور پر قتل کردیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 30 سالہ خاتون کی نعش کوکا پیٹ ویلیج سے دستیاب ہوئی اور نعش پر چاقو کے ضربات پائے گئے ۔ نارسنگی پولیس نے اس سلسلہ میں قتل کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔

ٹرین کی زد میں آ کر خاتون فوت
حیدرآباد 24 نومبر (سیاست نیوز)ٹرین کی زد میں آکر خاتون فوت ہوگئی ۔ ریلوے پولیس نامپلی کے بموجب 52 سالہ امر جیوتی ساکن چندا نگر وہاں کے ریلوے اسٹیشن پر پٹریاں عبور کررہی تھی کہ وہ ٹرین کی زد میں آگئی ۔ اس حادثہ میں جیوتی شدید زخمی ہونے کے باعث برسر موقع ہلاک ہوگئی ۔ریلوے پولیس نے نعش کو دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا جہاں پر پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی گئی ۔

کچرے دان سے نومولود کی نعش دستیاب
حیدرآباد 24 نومبر (سیاست نیوز)سعید آباد کے علاقہ ڈاکٹر ذاکر حسین کالونی میں پیش آئے ایک واقعہ میں کچرے دان سے نومولود کی نعش دستیاب ہوئی ۔سب انسپکٹر سعید آباد مسٹر راجیش کے بموجب نومولود کی نعش کو کچرے دان کے قریب پھینک دیا گیا تھا اور انہیں شبہ ہے کہ شیر خوار کو پیدا ہونے کے فوری بعد ہی فوت ہوگیا تھا جس کے باعث اس کی نعش کو کچرے دان کے قریب پھینک دیا گیا ۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور نعش کا پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ میں کروایا گیا ہے ۔

سڑک حادثہ میں ایک شخص ہلاک
حیدرآباد 24 نومبر (سیاست نیوز) ملکاجگری پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آئے سڑک حادثہ میں 27 سالہ سریکانت ریڈی ہلاک ہوگیا ۔ پولیس کے بموجب ریڈی /14 نومبر کو اپنی موٹر سائیکل پر ملکاجگری میں جارہا تھا کہ تیز رفتار کار نے اسے ٹکر دیدی ۔ وہ اس حادثہ میں شدید زخمی ہوگیا تھا جس کے باعث اسے گاندھی ہاسپٹل میں علاج کیلئے شریک کیا گیا تھا اور آج وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ کار ڈرائیور کے خلاف ملکاجگری پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔
سمپ میں گر کرایک شخص ہلاک
حیدرآباد 24 نومبر (سیاست نیوز) پانی کے سمپ میں گرکر ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔ میلاردیو پلی پولیس نے بتایا کہ 35 سالہ ایم رمیش ریڈی ساکن آدرش نگر کالونی جو حالت نشہ میں تھا کل رات دیر گئے اتفاقی طور پر اسی علاقہ میں واقع پانی کے سمپ میں گرگیا ۔ رمیش ریڈی کی نعش کو آج پولیس نے سمپ سے باہر نکالا ۔ پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔
پروفیسر کی ہراسانی طالب علم کی خودکشی
حیدرآباد 24 نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کے پروفیسر کی مبینہ ہراسانی سے دلبرداشتہ پی ایچ ڈی ایک طالبعلم نے زہر پی کر خودکشی کرلی ۔ یہ واقعہ آج صبح اس وقت پیش آیا جب 25 سالہ ایم وینکٹیش پی ایچ ڈی کا طالبعلم تھا کو اس کے کمرہ میں بے سود حالت میں پایا گیا ۔ دیگر طلباء نے وینکٹیش کو مقامی ہاسپٹل منتقل کیا جہاں پر اسے مردہ قرار دیا گیا ۔ وینکٹیش ابراہیم پٹنم لنگم پلی کا ساکن تھا اور گزشتہ تین سال سے حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کررہا تھا ۔ وینکٹیش کی خودکشی کی اطلاع کے بعد یونیورسٹی کیمپس میں کشیدگی پھیل گئی اور وہاں کے دیگر طلباء نے یونیورسٹی انتظامیہ اور پروفیسر کے خلاف ہراسانی کا الزام عائد کرتے ہوئے احتجاج کیا ۔ جبکہ متوفی کے رشتہ داروں نے یہ الزام عائد کیا کہ 3 سال سے پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کرنے کے باوجود بھی اسے موثر سہولتیں فراہم نہیں کی جارہی تھی اور اسے گائیڈ بھی نہیں دیا گیا تھا ۔ چندا نگر پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔ وینکٹیش کی نعش کو گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں پر اس کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے ۔