لڑکیوں کی تعلیم اور شادی اسکیموںکی تشہیر ضروری

نارائن پیٹ ۔ 13مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسٹر ایم گوپال ‘ سب پوسٹ ماسٹر ہیڈ پوسٹ آفس نارائن پیٹ نے اپنے صحافتی بیان میں انکشاف کیا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے لڑـیوں کی تعلیم اور شادی کیلئے متعارف کردہ ’’سوئینا سمرندھی‘‘ اسکیم سے نارائن پیٹ ڈیویژن میں سب سے زیادہ استفادہ کرنے والوں میں نارائن پیٹ سرفہرست ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت لڑکی کے والدین کو جن کی لڑکیوں کی عمر دس سال سے کم ہو پوسٹ آفس میں ایک ہزار روپئے جمع کروکر لڑکی کے نام اکاؤنٹ کھولنا ہوگا اور ہر ماہ ایک ہزار روپیہ جمع کروانے ہوں گے ۔ جب لڑکی کی عمر 21سال ہوجائے گی حکومت جمع شدہ رقم کتنی بھی ہو لڑکی کی شادی کیلئے 6,50,000/- چھ لاکھ پچاس ہزار روپئے جاری کرے گی ۔ تعلیم کیلئے اگر ضرورت ہو تو بھی جمع شدہ رقم کی نصف رقم بطور قرض دی جائے گی ۔ اکاؤنٹ کھلونے کیلئے لڑکی کا پیدائشی صداقت نامہ ضروری ہے ۔ علاوہ ازیں سرپرست کو چاہیئے کہ ماں ہو یا باپ ‘ آدھار کارڈ زیراکس اور دو عدد پاسپورٹ سائز تصویر ہونی چاہیئے ۔ مسٹر ایم گوپال نے بتایا کہ اس اسکیم سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کیلئے عوامی شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس کے لئے امیر یا غریب کی کوئی شرط نہیں ہے ۔ ہر لڑکی کے لئے اور ہر پوسٹ آفس میں اکاؤنٹ کیلئے سہولت مہیا کی گئی ہے ۔ انہوں نے صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ صحافت کے ذریعہ اس اسکیم کو لوگوں میں عام کرنے کیلئے اپنی خدمات پیش کریں ۔ انہوں نے بتایا کہ اب لڑکی کی پیدائش پر والدین کو رنجیدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ تفصیلات کیلئے مقامی پوسٹ آفس سے رجوع کیا جاسکتا ہے ۔