لڑکیوں کو اعلی تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب

سدا سیو پیٹ میں جلسہ تقسیم انعامات سے محترمہ یاسمین باشاہ کا خطاب
سدا سیو پیٹ /24 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) الامین ماڈل اسکول سدا سیو پیٹ میں سیرت کوئز مقابلوں میں حصہ لینے والے طلبہ و طالبات میں آج انعامات کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس تقریب میں بحیثیت مہمانان خصوصی تلنگانہ سروا سکھشا ابھیان پراجکٹ آفیسر ضلع میدک شیخ یاسمین باشاہ، محترمہ عائشہ بیگم اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیرآباد اور جناب شیخ احمد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیخ یاسمین باشاہ نے لڑکیوں کو اعلی تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دی اور کہا کہ اسلام ہی وہ واحد مذہب ہے، جو مردوں اور عورتوں کو تعلیم کے شعبہ میں مساویانہ حقوق فراہم کرتا ہے۔ انھوں نے اسکول کی بہترین تعلیمی کار کردگی کو سراہتے ہوئے اسکول انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر شیخ یاسمین کے ہاتھوں انعامات کی تقسیم عمل میں آئی۔ نظامت کے فرائض کرسپانڈنٹ الامین ماڈل اسکول جناب محمد عبد الغنی نے انجام دیئے۔ اس موقع پر مسرز جمیل خان لکچرر، میر نور الدین صمد ناز، سید عبد الرافع التمش، فیاض علی سکندر، محمد شفیع الدین سابق کونسلر، محمد حاجی قریشی، محمد جلیل، محمد جہانگیر، محمد رفیع، محمد فردوس، اولیائے طلبہ کے علاوہ طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ آخر میں معلمہ تبسم انجم نے شکریہ ادا کیا۔