لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ پر 22 کم عمر نوجوان گرفتار

حیدرآباد 30 اپریل (سیاست نیوز) لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ میں ملوث 22 کم عمر نوجوانوں کو حیدرآباد سٹی پولیس کی شی ٹیم نے حراست میں لینے کے بعد اُن کی کونسلنگ کی۔ ایڈیشنل کمشنر کرائمس شیکھا گوئل کے زیرنگرانی کونسلنگ سیشن میں کم عمر نوجوانوں کی اُن کے والدین کی موجودگی میں کونسلنگ کی گئی۔ 9 رکنی ماہرین نفسیات کی ایک ٹیم نے کم عمر نوجوانوں کی کونسلنگ کی جس کے دوران خواتین کے تحفظ سے متعلق ویڈیو سلائیڈس دکھائے گئے۔ والدین کو بھی اس کونسلنگ سیشن میں مشورہ دیا گیا کہ وہ اپنے بچوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھیں۔