نئی دہلی ۔ /26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج الزام عائد کیا کہ سپریم کورٹ میں بی ایچ لویا کی موت کے بارے میں درخواست کے پس پردہ آر ایس ایس کا ہاتھ ہے ۔ یہ درخواست آر ایس ایس قائد بھیاجی جوشی کے اشارہ پر داخل کی گئی ہے ۔کانگریس نے کہا کہ یہ درخواست سیاسی مفادات پر مبنی ہے ۔ کانگریس نے سورج لولاگے مقدمہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک درخواست مفاد عامہ بمبئی ہائیکورٹ کی ناگپور بنچ پر /27 نومبر 2017 ء کو ان حالات کے بارے میں پیش کی تھی جو جج لویا کی موت کی وجہ بنے ۔ کانگریس نے لویا موت مقدمہ کی آزادانہ اور منصفانہ سماعت کا مطالبہ کیا ۔ سینئر کانگریس قائد اور قانون داں کپل سبل نے الزام عائد کیا کہ درخواست مفاد عامہ کے پس پردہ آر ایس ایس کے سیاسی مفادات ہیں ۔