نئی دہلی ، یکم فبروری (سیاست ڈاٹ کام) جن لوک پال بل جسے دہلی اسمبلی کے 13 فبروری کو شروع ہونے والے خصوصی سیشن میں پیش کیا جائے گا، اس میں کرپشن کیلئے زیادہ سے زیادہ سزا کے طور پر عمر قید کی گنجائش رہے گی، حتیٰ کہ دفتر وزیر اعلیٰ کو اس کے دائرۂ کار کے تحت رکھا گیا ہے۔ ’’مسودہ بل میں عمر قید زیادہ سے زیادہ سزا جبکہ چھ ماہ کی جیل اقل ترین سزا کے طور پر تجویز کی گئی ہے۔ تحقیقات کیلئے اعظم ترین وقت 12 ماہ رکھا گیا ہے،‘‘ ایک سینئر عہدہ دار نے یہ بات بتائی۔ انھوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی جو خاطی پایا جائے یا سرویس سے برطرف کردیا جائے، وہ کوئی بھی حکومتی فوائد بشمول پنشن کا مستحق نہیں رہے گا۔ عہدیداروں کے مطابق دفتر چیف منسٹر کے ساتھ ڈی ڈی اے، این ڈی ایم سی اور دہلی پولیس بل کے دائرۂ عمل میں ہیں۔ اس تجویز کی مرکز کی جانب سے مخالفت ہوسکتی ہے کیونکہ تمام تینوں ایجنسیاں راست وزارت داخلہ کو جوابدہ ہیں۔
کجریوال کی سکونت اتر پردیش سے دہلی منتقل
غازی آباد ، یکم فبروری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج اپنی سکونیت اترپردیش سے نئی دہلی منتقل کرلی ۔ یو پی پولیس نے انھیں فراہم کی گئی زیڈزمرہ کی سکیورٹی بھی ہٹالی۔ فی الحال کجریوال کی سکیورٹی کیلئے 30 پولیس ملازمین ڈیوٹی انجام دینگے۔ عام آدمی پارٹی کے وعدہ کے مطابق وہ وی آئی پی کلچر کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر کجریوال اور ان کے ارکان خاندان جو غازی آباد گرنااپارٹمنٹس میں تھے اب دہلی کے تلک لائین منتقل ہوگئے ہیں۔