لوک پال سربراہ اور ارکان کا ختم ماہ تک تقرر

نئی دہلی۔ 2 فروری (سیاست ڈاٹ کام)مخالف بدعنوانی ادارہ لوک پال کے صدرنشین اور ارکان کا تقرر جاریہ ماہ کے اختتام تک کردیا جائے گا کیونکہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ان عہدوں کے لئے نامزدگی طلب کرنے کے اشتہار سے دستبرداری اختیار نہیں کی جائے گی حالانکہ بی جے پی نے اس کا مطالبہ کیا ہے۔ مرکزی وزارت پرسونل نے گزشتہ ماہ اخبارات میں اشتہار شائع کرتے ہوئے اہل امیدواروں سے لوک پال کے صدرنشین اور آٹھ ارکان کی درخواستیں طلب کی تھیں، جن کے داخل کرنے کی آخری تاریخ 7 فروری مقرر کی ہے۔ قائد اپوزیشن راجیہ سبھا ارون جیٹلی نے اس کے قانونی جواز پر اعتراض کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اشتہار سے دستبرداری اختیار کرلی جائے تاہم وزیراعظم نے ان کا مطالبہ مسترد کردیا اور کہا کہ حکومت کا اعلان مقررہ قواعد کے مطابق ہے۔