لوک سبھا کے 401 ارکان کے اثاثہ جات کا ہنوز اعلان نہیں کیا گیا

نئی دہلی۔ 26؍اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ لوک سبھا کے 400 سے زیادہ موجودہ ارکان بشمول راہول گاندھی، سونیا گاندھی، لال کرشن اڈوانی اور راجناتھ سنگھ نے اپنے اثاثہ جات اور واجبات کی تفصیلات کا ہنوز اعلان نہیں کیا ہے۔ حق معلومات قانون کے تحت ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے لوک سبھا کی سکریٹریٹ نے کہا کہ 401 ارکان لوک سبھا کی تفصیلات ہنوز وصول نہیں ہوئیں۔ لوک سبھا کے اعلامیہ کے بموجب قانون اثاثہ جات 2004ء کے مطابق رکن پارلیمنٹ کو حلف برداری کے 90 دن کے اندر اپنے اثاثہ جات اور واجبات کا اعلان کرنا چاہئے۔ لوک سبھا کے ارکان پارلیمنٹ جنھوں نے تاحال اپنے اثاثہ جات اور واجبات کی تفصیلات داخل نہیں کی ہیں،

ان میں مرکزی وزراء سشما سوراج، اوما بھارتی، نتن گڈکری اور سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو شامل ہیں۔ لوک سبھا کی سکریٹریٹ نے کہا کہ اس سلسلہ میں 26 ستمبر تک ارکان کی جانب سے کوئی مراسلت وصول نہیں ہوئی۔ حق معلومات قانون کے تحت کئے ہوئے سوال کے جواب میں سکریٹریٹ نے بتایا کہ بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ کی تعداد 209، کانگریسی ارکان کی 31، ترنمول کانگریس کی 27، بی جے ڈی کی 18، شیوسینا کی 15، اناڈی ایم کے کی 9، ٹی آر ایس کی 8، لوک جن شکتی پارٹی کی 6، این سی پی کی 4، سی پی آئی اور سماج وادی پارٹی کی فی کس ایک، اکالی دل کی 3، آر جے ڈی، عام آدمی پارٹی، جنتادل (یو) اور اپنا دل کی 2، 2 تعداد سے تفصیلات وصول طلب ہیں۔ ارکان پارلیمنٹ جنھوں نے تفصیلات داخل نہیں کی ہیں،

ان کے خلاف قانون عوامی نمائندگی 1951ء کی دفعہ 75(A) کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ دیگر ارکان پارلیمنٹ جنھوں نے اپنی تفصیلات ہنوز داخل نہیں کی ہیں، ان میں مرکزی وزیر ہرش وردھن، رادھا موہن سنگھ، اننت گیتے، اننت کمار، رام ولاس پاسوان، کیپٹن امریندر سنگھ، ویرپا موئیلی، محبوبہ مفتی، اوپیندر خشواہا، کرن کھیر اور سپریہ سولے شامل ہیں۔ فہرست میں ملائم سنگھ یادو کے رشتہ دار اکشئے یادو، دھرمیندر یادو اور ڈمپل یادو کے نام بھی شامل ہیں۔ فلم اداکار سے رکن پارلیمنٹ بننے والے ونود کھنہ، کرن کھیر، ہیما مالینی، پریش راول کے نام بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔پی ڈی پی کے مظفر حسین بیگ، اے آئی یو ڈی ایف کے بدرالدین اجمل، آل انڈیا مسلم لیگ کے ای احمد بھی فہرست میں ہیں۔