وزیر اعلیٰ سدرامیا سے واٹال ناگراج کا پرزور مطالبہ
بنگلورو۔25؍مئی:(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کنڑا چلوولی واٹال پاکشا کے صدر واٹال ناگراج نے مختلف تنظیموں اور ملی اداروں کے ذمہ داروں کے ہمراہ وزیراعلیٰ سدرامیا سے ملاقات کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ہندوستان کے اولین مجاہد آزادی حضرت ٹیپو سلطان شہیدؒ کا یوم پیدائش قومی تہوار کے طور پر منانے کا انتظام کیا جائے اور نئی دہلی میں لوک سبھا کے روبرو ان کے مجسمہ کی تنصیب کیلئے صدر جمہوریہ اور وزیر اعظم سے نمائندگی کی جائے۔وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کرنے والے وفد نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ شہر کے کیمپے گوڈا انٹرنیشنل ایرپورٹ تک جانے والی دیونہلی سڑک کانام بھی شیر میسور ٹیپوسلطان کے نام سے منسوب کیا جائے ۔ اس موقع پر مسٹر سدرامیا نے اعتراف کیا کہ حقیقی طور پر حضرت ٹیپوسلطان شہیدؒ ہی اولین مرد مجاہد ہیں ، جنہوںنے انگریزوں کے خلاف آزادی کا نعرہ بلند کیا تھا۔ ٹیپوسلطان نے نہ صرف انگریزوں کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کی ، بلکہ وطن عزیز کی خاطر اپنے بچوں کو تک گروی رکھ کر اپنی حب الوطنی کی بے نظیر مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ اس معاملہ پر وہ مرکزی حکومت سے نمائندگی کریں گے، اور شیر میسور کے آبائی وطن دیونہلی کی قومی شاہراہ کو ان کے نام سے منسوب کرنے سے متعلق قومی شاہراہ اتھارٹی کے افسران سے تبادلۂ خیال کریں گے۔ اس موقع پر اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے واٹال ناگراج نے بتایاکہ حضرت ٹیپو سلطان شہید کی یادوں کو تازہ رکھنے کیلئے یادگار کا قیام ضروری ہے۔ اگر لوک سبھا کے روبرو ان کا مجسمہ نصب کردیاگیا تو ان کی تاریخ ہمیشہ زندہ رہے گی۔ اسی طرح ٹیپوسلطان کی یادگار کے طور پر سری رنگا پٹن کو سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دینے کی ضرورت ہے۔انہوںنے ریاست کے ساحلی علاقوں کاروار اور کورگ کو سیاحتی طور پر ترقی دینے کے علاوہ سری رنگا پٹن کی رنگاناتھ مندر کو ترقی دینے کا بھی مطالبہ کیا، جس پر وزیراعلیٰ نے موثر ردعمل ظاہر کیا ہے۔واٹال نگراج نے وزیر اعلیٰ کو حکومت کے دو سال کی تکمیل پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اگلے تین برس بھی وہی وزارت اعلیٰ کی کرسی پر براجمان رہیں گے۔ اس موقع پر ملی تنظیموں کے عہدیداروں میں سید شفیع اﷲ ، صوفی ولی با، تنویر احمد کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔