نئی دہلی ۔ 25 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) آر جے ڈی رکن پارلیمنٹ راجیش رنجن جنہوں نے چیف منسٹر بہار کی حیثیت سے جتن رام مانجھی کو ہٹا دینے کی مخالفت کی تھی۔ آج نتیش کمار کو تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ جنتا دل متحدہ کے لیڈر اور ان کے ساتھی آر جے ڈی کے صفایا کیلئے کام کر رہے ہیں اور انہوں نے کہا کہ وہ لوک سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ پیش کردیں گے ۔ بشرطیکہ پارٹی سربراہ لالو پرساد یادو اس کی خواہش ظاہر کریں۔ مسٹر راجیش رنجن جو کہ پپو یادو سے مشہور ہیں۔ بتایا کہ وہ بہت جلد اپنا استعفیٰ آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کو روانہ کردیں گے ۔ اگر وہ چاہیں تو اسپیکر لوک سبھا کو روانہ کرسکتے ہیں۔ آر جے ڈی قائدین بشمول لالو یادو کے فرزند تیجسوی یادو کے اس دعوے کو مسترد کردیا کہ وہ (پپو) بی جے پی سے قربت بڑھا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بعض چھوٹے لیڈروں کی گھٹیا سوچ کی پرواہ نہیں ہے بلکہ پارٹی کی مقبولیت میں کمی پر سینئر پارٹی لیڈروں کی فکرمندی سے ہمدردی ہے۔
پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پپو یادو نے کہا کہ اگر لالو جی یہ سمجھتے کہ ان کی شخصیت اور آر جے ڈی کی طفیل میں وہ کامیاب ہوئے ہیں اور میں یہ واضح کردینا چاہتا ہوں کہ لالو جی نے کئی افراد کو ٹکٹ دیئے تھے لیکن انتخابات میں شکست کھاگئے ۔ اگر وہ (لالو) محسوس کرتے ہیں ہیں، میں نے انہیں دھوکہ دیا ہے تو میں ان کی اختر کی شادی کے بعد اپنا استعفیٰ روانہ کردوں گا۔ واضح رہے کہ راجیش رنجن اپنے بہنوئی لالو پرساد یادو کی پارٹی سے وابستہ ہونے کے باوجود بے قابو ہیں اور بہار میں ان کا اچھا خاصا اثر ورسوخ پایا جاتا جبکہ ان کی اہلیہ رنجیت رنجن نے کانگریس کے ٹکٹ پر بہار سے لوک سبھا کا انتخابات جیتا ہے۔ چیف منسٹر بہار نتیش کمار پر حملہ کرنے والے پپو یادو نے کہا کہ انہوں نے ایسے لیڈروں کو کلیدی قلمدان دیئے ہیں جنہوں نے لالو پرساد کے کیریئر اور آر جے ڈی کے صفایا کیلئے کام کیا ہے جبکہ اسمبلی میں نتیش کمار کی پارٹی جنتا دل متحدہ کی آر جے ڈی تائید کرتی ہے۔