لوک سبھا میں ہنگامہ ، کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی

نئی دہلی،21دسمبر(سیاست ڈاٹ کام) مختلف مسئلوں پر پارٹیوں کے ہنگامے کی وجہ سے لوک سبھا کی کارروائی آج مسلسل آٹھویں دن بھی نہیں ہوپائی اور ایک بار ملتوی کئے جانے کے بعد دن بھر کے لئے ملتوی کردی گئی۔اب ایوان کی اگلی میٹنگ جمعرات 27دسمبر کو ہوگی۔ وقفہ سوال کے دوران ایک بار کارروائی ملتوی ہونے کے بعد دوپہر 12بجے جب دوبارہ شروع ہوئی تو کانگریس ،اے آئی اے ڈی ایم کے اور تلگو دیشم پارٹی کے اراکین اپنے اپنے مطالبات کو لے کر اسپیکر کی نشست گاہ کے نزدیک آگئے اور نعرے بازی کرنے لگے ۔ انہوں نے ہاتھوں میں اپنے مطالبات لکھی تختیاں اور پوسٹر بھی لئے ہوئے تھے ۔کانگریس کے اراکین رافیل طیارہ سودے کی جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے لئے مطالبہ کررہے ہیں۔ٹی ڈی پی اراکین آندھر پردیش کو خصوصی ریاستی کا درجہ دینے کا مطالبہ کررہے ہیں جبکہ انا ڈی ایم کے اراکین کاویری ندی پر باندھ بنانے کی مخالفت کررہے ہیں۔ ہنگامے کے درمیان ہی اسپیکر سمترا مہاجن نے ضروری کاغذات ایوان کے میز پر رکھوائے۔ اس کے بعد وزیر ارجن رام میگھوال نے کہا کہ کئی اراکین نے کرسمس کے موقع پر 24اور 26دسمبر کو بھی ایوان کی میٹنگ نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔