لوک سبھا میں پیڈ نیوز کا مسئلہ اہم موضوع

نئی دہلی۔ 15 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا میں آج بی جے پی کے ایک رکن نے پیڈ نیوز کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے فوری طور پر کسی بھی رکن کو جو ایسی بدعنوانی کا مرتکب ثابت ہوجائے، نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا۔ چند دن قبل الیکشن کمیشن نے سابق چیف منسٹر مہاراشٹرا اشوک چاوان کو ایک نوٹس دی تھی۔ وقفہ صفر کے دوران یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے کرت سومیا نے کہا کہ انتخابی کمیشن نے پیڈ نیوز کے بارے میں ایک منتخبہ نمائندہ کو نوٹس دی ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اسے انتخابی عمل کو ’’منفی طور پر متاثر کرنے والا‘‘ عمل قرار دے۔ سومیا نے الزام عائد کیا کہ بھاری رقمیں خرچ کی جارہی ہیں تاکہ اشتہارات شائع کئے جائیں اور اسی امیدواروں کی جانب سے پیڈ نیوز بھی شائع کروائی جارہی ہے چنانچہ ایسے ارکان کو فوری نااہل قرار دیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے معاملات میں فوری کارروائی ضروری ہے۔ وہ شمال مغربی ممبئی کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ ہیں ۔ انہوں نے یہ مسئلہ الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف منسٹر مہاراشٹرا اشوک چاوان کو پیڈ نیوز کے سلسلے میں نوٹس جاری کرنے کے دو دن بعد اُٹھایا ہے۔