لوک سبھا میں نشستوں کے انتظامات کو بہت جلد قطعیت دی جائے گی

نئی دہلی۔ 20؍جولائی (سیاست ڈاٹ کام)۔ لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن توقع ہے کہ اس ہفتہ نئے ایوان میں نشستوں کے انتظامات کو قطعیت دیں گی۔ اس تعلق سے اب تک کوئی واضح تصویر سامنے نہیں آئی ہے کہ ایوان میں اپوزیشن لیڈر کا مسئلہ کب حل ہوگا؟ پارلیمانی ذرائع نے کہا کہ سمترا مہاجن کو عجیب صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑے گا، کیونکہ انا ڈی ایم کے، ترنمول کانگریس اور بی جے ڈی نے کانگریس کے پہلو میں اپنی نشستوں کے انتظام پر خفگی ظاہر کی ہے۔ انا ڈی ایم کے، ترنمول کانگریس یا بیجو جنتادل کے ارکان لوک سبھا میں کانگریسی ارکان کے ساتھ بیٹھنے تیار نہیں ہیں۔