نئی دہلی ۔ 29 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل کے خلاف تحریک مراعات شکنی کی تجویز پر لوک سبھا میں آج کچھ وقت کے لئے شوروغل کا منظر دیکھا گیا۔ مرکزی وزیرفینانس کی جانب سے آج مرکزی بجٹ 2016-17ء پیش کرنے سے پہلے شوروغل کا منظر تحریک مراعات شکنی پیش کرنے کی تجویز پر ایوان پارلیمنٹ میں دیکھا گیا۔ اپوزیشن ارکان اپنی نشستوں سے اٹھ کر کھڑے ہوگئے اور انہوں نے ایرانی کے خلاف نوٹسیں جاری کرنے کے بارے میں جاننا چاہا کیونکہ انہوں نے ایوان میں روہت کمار مسئلہ پر قوم کو گمراہ کیا ہے۔ لوک سبھا کی اسپیکر سمترامہاجن نے اپوزیشن کی برہمی بند کرنے کوشش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نوٹسیں 26 فبروری اور 29 فبروری کو وصول ہوئی ہیں جن میں سمرتی ایرانی کے خلاف تحریک مراعات شکنی پیش کرنے کی اجازت طلب کی گئی ہے اور یہ زیرغور ہے۔ مختصر سے وقت کے لئے شوروغل کے بعد جو اسپیکر کے بیان کے بعد شروع ہوا تھا، نظم و ضبط بحال ہوگیا اور ارون جیٹلی نے اپنی بجٹ تقریر کا آغاز کردیا۔ کانگریس، بائیں بازو کی پارٹیوں اور جنتادل (متحدہ) نے منصوبے پیش کئے کہ وہ مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل کے خلاف تحریک مراعات شکنی پیش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں گذشتہ ہفتہ روہت ویمولا کی خودکشی کے بارے میں ایوان پارلیمنٹ میں دروغ گوئی کی تھی۔ چنانچہ ان کے خلاف تحریک مراعات شکنی پیش کرنا ضروری ہے۔