نئی دہلی۔ 22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)لوک سبھا میں آج پارلیمانی روایات کا بدترین انحطاط دیکھا گیا جب ایک رکن نے حالت برہمی میں ایوان میں اخبار پھاڑ کر اس کے پرزوں کو پھینک دیا۔ اس حرکت پر کرسی صدارت نے سخت سرزنش کی ۔ جبری مذہبی تبدیلی کے مسئلہ پر اپوزیشن ارکان کے شدید احتجاج سے ایوان کا ماحول مشتعل ہوچکا تھا ۔اس دوران آر جے ڈی کے رکن راجیش رنجن نے ایک اخبار پھاڑ کر اس کے ٹکڑوں کو ایوان کے وسط میں پھینک دیا۔ حتی کہ چند پرزے اسپیکر کے شہ نشین پر گر پڑے جس پر برہم ڈپٹی اسپیکر یم تھمبی دورائی نے جو اس وقت کرسی صدارت پر فائز تھے ، رکن کی اس حرکت پر حیرت زدہ رہ گئے اور ایوان کی کارروائی 10 منٹ کیلئے روک دی۔ تھمبی دورائی نے رنجن کی اس حرکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’راجیش رنجن نے جس انداز میں مجھ پر کاغذ پھینکا ہے ، اس پر میں شدید اعتراض کرتا ہوں۔