لوک سبھا حلقہ ناندیڑ سے ویلفیئر پارٹی کے فیروز خان غازی امیدوار

ناندیڑ۔23مارچ(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)لوک سبھا حلقہ ناندیڑ سے ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے ضلع صدر فیروز خان غازی انتخابی میدان میں اُترئے گے۔ اس طرح کی اطلاع ناندیڑ ضلع ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے پی آر او سیکریٹری سمیر پٹھان کے ذرایع سے موصول ہوئی۔اس موقع پر فیروز خان غازی نے قومی صدر مجتبیٰ فاروق صاحب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ پوری قوت کے ساتھ کانگریس ، مجلس اور بی جے پی کو شکست دینے کیلئے تیار ہے۔ فیروز خان غازی نے اپنے ایک اخباری بیان میں کہا کہ تبدیلی ، ترقی اور اقدار پر مبنی سیاست کیلئے ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کا قیام عمل میں آیا ہے۔چونکہ کرپشن ، ظلم ،ناانصافی کے خلاف اور سماجی عدل و انصاف کیلئے ہر فرد فکر مند ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں ایسی حکومتیں دینے سے نا آشنا ہیں جن میں انسانی اقدار ، معاشرے کے سلگتے مسائل ، اور ترقیاتی کام انجام دیتے ہوں۔ان حالات کے پیش نظر ویلفیئر پارٹی آف انڈیا حلقہ ناندیڑ سے فیرو ز خان غازی ( ناندیڑ ضلع صدر ) کو اپنے اُمیدوار کی حیثیت سے کھڑا کیا ہے۔ موصوف نے مزید پارٹی کارکنوں سے کہا کہ فرقہ پرستوں سے خوف دلا کر کانگریس مسلمانوں کو صرف ووٹ بینک بناتے آئی ہے۔اس کی اس پالیسی سے باشعور ووٹر واقف ہیں۔سماج کا ہر طبقہ ایک تبدیلی کا منتظر ہے اور تبدیلی، ترقی اور سماجی انصاف کیلئے ویلفیئر پارٹی کی کامیابی ناگزیز ہے ۔ فیروز خان غازی نے مزید کہا کہ میں بہت جلد ہی پرچہ نامزدگی داخل کروں گا اورناندیڑ میں لوک سبھا حلقہ کیلئے پوری قوت کے ساتھ انتخابی میدان میں کھڑا رہوں گا۔