چینائی / پٹنہ 3 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) سی پی آئی کے ساتھ اتحاد کے بعد آل انڈیا انا ڈی ایم کے نے لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ کیلئے سی پی ایم سے بھی اتحاد کرلیا ہے ۔ یہ اتحاد مرکز میں ایک غیر کانگریسی و غیر بی جے پی اتحاد کے قیام کی کوششوں کا حصہ ہے جو تیز ہوگئی ہیں۔ انا ڈی ایم کے کی سربراہ و چیف منسٹر ٹاملناڈو جئے للیتا نے سی پی ایم لیڈر پرکاش کرت کے ساتھ ایک پریس کانفنرس میں اعلان کیا کہ انہیں خوشی ہے کہ انا ڈی ایم کے اور سی پی ایم نے مجوزہ لوک سبھا انتخابات کیلئے مل جل کر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہمیں امید ہے کہ یہ اتحاد بہت کامیاب رہے گا ۔ یہ اتحاد 5 فبروری کو مختلف جماعتوں کے پارلیمانی قائدین کے اجلاس سے قبل ہوا ہے ۔ اس اجلاس میں مرکز میں تیسرے محاذ کے قیام اور بی جے پی و کانگریس کے متبادل محاذ کی تشکیل پر تفصیلی غور و خوض کیا جائے گا ۔