لوک سبھا انتخابات میں 81 کروڑ رائے دہندے

نئی دہلی /24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اس سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں توقع ہے کہ 81 کروڑ رائے دہندے اپنے حق ووٹ سے استفادہ کریں گے، جب کہ نوجوانوں کے زمرہ میں پہلی مرتبہ ووٹ ڈالنے والوں کی تعداد کم از کم 4 کروڑ ہے۔ الیکشن کمیشن ذرائع نے بتایا کہ ملک میں رائے دہندوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور یہ سب ووٹرس اہل ہیں، ان میں 3.91 کروڑ نئے رائے دہندے ہیں۔

بی جے پی، تلنگانہ پر تمام آراء کا
جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کرے گی
نئی دہلی /24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) تلنگانہ بل آئندہ ماہ پارلیمانی سیشن کے دوران پیش کئے جانے کی توقع ہے۔ اصل اپوزیشن بی جے پی نے آج کہا کہ وہ علحدہ ریاست تلنگانہ کے لئے سیما۔ آندھرا خطہ کو ’’انصاف‘‘ کے تناظر میں مختلف آراء کا جائزہ لینے کے بعد اپنا موقف واضح کرے گی۔ بی جے پی لیڈر ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ہم بل کا مطالعہ کر رہے ہیں، آندھرا پردیش اسمبلی میں بل پر بحث ختم ہوتے ہی مرکزی قیادت اس خصوص میں مختلف نکات نظر پر غور کرے گی، اس کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ اگرچہ کہ بی جے پی آندھرا پردیش کی تقسیم اور تلنگانہ کے قیام کے لئے اپنے عہد کی پابند ہے، تاہم اس کی خواہش ہے کہ تلنگانہ کے قیام کے ساتھ سیما۔ آندھرا خطہ کے مفادات کا تحفظ کیا جائے۔