ووہان ، 8 جون (سیاست ڈاٹ کام) ٹنٹو لوکا نے ویمنس 800m فائنلس جیت کر کسی میجر انٹرنیشنل ایونٹ میں اپنا اولین گولڈ میڈل حاصل کرلیا جبکہ ہندوستان نے ان مقابلوں کے آخری روز پانچ تمغوں کے ساتھ اختتام کرتے ہوئے ایشین اتھلیٹکس چمپئن شپس میں آج یہاں تیسرے مقام پر اپنی مہم ختم کی۔ ہندوستان اس چمپئن شپس میں 4 گولڈ، 5 سلور اور 4 برونز کی مجموعی کارکردگی کے ساتھ چین (15، 13، 13) اور قطر (7، 2، 1) کے پیچھے ہے۔ جاپان (4، 3، 11) اور بحرین (3، 3، 2) ترتیب وار چوتھے اور پانچویں مقام پر ہیں۔ یہ ہندوستان کا عمان، اردن میں 2007ء کے بعد بہترین اختتام ہے، جہاں اس ملک کو دوسرا مقام حاصل ہوا تھا۔ نیشنل ریکارڈ ہولڈر لوکا نے اپنے سیزن کا بہترین وقت 2:01.53 درج کراتے ہوئے ووہان اسپورٹس سنٹر میں گولڈ جیتا۔ چین کی زاؤ جینگ (2:30.40) نے سلور جبکہ سری لنکائی نِمالی کلارچ چیگے (2:03.94) نے برونز جیتا۔ یہ 26 سالہ لوکا کیلئے کسی بڑے انٹرنیشنل ایونٹ میں پہلا انفرادی ٹائٹل ہے جبکہ وہ لجنڈری پی ٹی اوشا کی سرپرستی میں کافی توقعات کے ساتھ 2008-09ء میں منظر پر آئی تھی۔ انھوں نے 2013ء ایشین چمپئن شپس اور 2014ء ایشین گیمز دونوں میں 4x400m ریلے ٹیموں کے حصے کے طور پر گولڈ جیتا تھا۔ اُن کا نیشنل ریکارڈ 1:59.17 ہے جو انھوں نے 2010ء میں کانٹی ننٹل کپ منعقدہ کروشیا میں درج کرایا تھا۔ تب سے وہ بہت کم مواقع پر دو منٹ کا نشانہ توڑنے میں کامیاب ہوئی تھی۔ آج گولڈ کے ساتھ لوکا براعظمی چمپئن شپ ونر کی حیثیت سے اگسٹ کے بیجنگ ورلڈ چمپئن شپس کیلئے کوالیفائی ہوگئی ۔ انھیں ہنوز 2016ء ریو اولمپکس کیلئے کوالیفائی ہونا ہے جس کیلئے معیار 2:01.00 ہے۔