لوئس کے 176 رائیگاں، انگلینڈ نے ونڈے سیریز جیتی

ہولڈر زیرقیادت ویسٹ انڈیز چوتھے ونڈے میں D/L سسٹم نے نقصان پہنچایا۔ لوئس کو میچ ایوارڈ
لندن ۔28ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ نے ایون لوئس کی 176 رنز کی شاندار اننگز کے باوجود ویسٹ انڈیز کو بارش سے متاثرہ چوتھے ون ڈے میچ میں 6رنز سے شکست دے کر سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں اس وقت درست ثابت ہوا جب 33 رنز پر 3ویسٹ انڈیز کے بلے باز پویلین لوٹ گئے۔تاہم دوسرے اینڈ پر موجود ایون لوئس کے عزائم ہی کچھ اور تھے جنہوں نے پہلے جیسن محمد کے ساتھ 117 رنز کی شراکت قائم کی اور پھر کپتان جیسن ہولڈر کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کیلئے 168 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔جارحانہ بلے باز نے 7چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے 130 گیندوں پر 176 رنز کی اننگز کھیلی لیکن پیر پر گیند لگنے کے سبب وہ ڈبل سنچری مکمل نہ کر سکے اور ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر میدان سے باہر چکے گئے۔ہولڈر 62 گیندوں پر4چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی کیریئربسٹ اننگز کھیلی جس کی بدولت ویسٹ انڈیز نے مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 356 رنز بنائے۔انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولررہے۔جواب میں انگلش اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 17.4 اوورز میں 126 رنز کاآغازفراہم کیا لیکن اس موقع پر الزاری جوزف نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے انگلینڈ کو کاری ضرب لگائی جس کے سبب 181 رنز پر آدھی انگلش ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔جیسن رائے 84، جونی بیئراسٹو39، جو روٹ 14، اوئن مورگن 19 اور سیم بلنگز2رن بنانے کے بعد الزاری جوزف کی وکٹ بنے۔اس موقع پر گزشتہ میچ کے ہیرو معین علی کی میدان میں آمدہوئی اور انہوں نے ابرآلودموسم کو دیکھتے ہوئے جوز بٹلر کے ساتھ مل کر جارحانہ بیٹنگ شروع کی۔دونوں کھلاڑیوں نے 8اوورز میں 77 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کے اسکور کو 258 تک پہنچایا ہی تھا کہ اس موقع پر میچ میں بارش نے مداخلت کردی اور تیز بارش کے سبب میچ کو دوبارہ شروع نہ کیا جا سکا۔امپائرز نے کھیل کے اختتام کے ساتھ ساتھ انگلینڈ کی ڈک ورتھ لوئس(D/L) قانون کے تحت چھ رنز سے فتح کااعلان کردیا۔176 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے لوئس کو میچ ایوارڈ دیا گیا۔