حیدرآباد 15 اکٹوبر (سیاست نیوز) لنگرحوض کے علاقہ اوم نگر میں پیش آئے ایک واقعہ میں نامعلوم افراد نے ضعیف خاتون کا بہیمانہ طور پر قتل کردیا اور مکان میں موجود طلائی زیورات لوٹ لئے۔ تفصیلات کے بموجب 65 سالہ لکشمی تلسی جو ریٹائرڈ پروفیسر جے این ٹی یو ستیہ نارائنا کی بیوی تھی، کو آج شام نامعلوم افراد نے اُس وقت مکان میں داخل ہوکر سر پر ہتھیار سے وار کرتے ہوئے قتل کردیا، جب وہ مکان میں تنہا تھی۔ مقتول کا شوہر ستیہ نارائنا آج شام 5.45 بجے اپنے مکان واپس لوٹنے پر باہر سے دروازہ بند پائے جانے پر تشویش کا شکار ہوگیا اور مکان میں داخل ہونے پر اپنی بیوی کو خون میں لت پت حالت میں پایا۔ جس پر وہ سکتہ میں آگیا اور فوری مقامی پولیس کو اِس سلسلہ میں اطلاع دی۔ لنگرحوض پولیس کی ٹیم مقام واردات پر پہونچ کر وہاں کا جائزہ لیا اور سراغ رسانی دستہ کلوز ٹیم کو وہاں طلب کرلیا۔ ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو پتہ چلا ہے کہ لکشمی تلسی کو قتل کرنے سے قبل خاطیوں نے اُس کے ہاتھ اور پیر باندھ دیئے اور بعدازاں سر پر وزنی شئے سے حملہ کرکے قتل کردیا۔ قتل کے بعد مکان میں موجود 25 تولے طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر این ستیہ نارائنا نے مقام واردات کا معائنہ کیا اور بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ خاتون اور اُس کے شوہر تنہا رہنے کا فائدہ اُٹھاکر یہ واردات انجام دی گئی۔ لنگرحوض پولیس نے اِس سلسلہ میں قتل کا مقدمہ درج کرلیا اور تحقیقات جاری ہے۔