سری لنکا ٹور کیلئے ہندوستانی اسکواڈ کا آج اعلان

نئی دہلی ۔ 22 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )تیسرے اسپیشلسٹ اسپنر کی جگہ زیادہ تر تبادلۂ خیال کا موزو رہے گی جب سندیپ پاٹل کی سربراہی میں نیشنل سلیکشن کمیٹی کل یہاں میٹنگ منعقد کرے گی تاکہ سری لنکا کے خلاف اُن کی سرزمین پر 12 اگسٹ کو شروع ہونے والی تین ٹسٹ کی سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان کیا جاسکے ۔ اس ایک پہلو کو چھوڑکر سلیکشن پیانل کے پانچو ں ارکان کو غور و خوض کیلئے کچھ زیادہ وقت درکار نہیں ہونا چاہئے جبکہ وہ طویل تر فارمٹ کیلئے اسکواڈ کو منتخب کریں گے جہاں کم از کم 13 کھلاڑی خود بہ خود منتخب ہوجانے کی توقع ہے ۔ اس تیسرے اسپنر کی جگہ کے علاوہ یہ بھی دلچسپ رہے گا کہ آیا اس تین میچ کی سیریز کیلئے اسکواڈ 15 رکنی ہوتا ہے یا 16 ۔ چھ اسپیشلسٹ بیٹسمین جو یقینی معلوم ہوتے ہیں ، اوپنرس مرلی وجئے اور شکھر دھون ، کپتان ویراٹ کوہلی ، اجینکیارہانے ، روہت شرما اور A ٹیم کے کیپٹن چیتشور پجارا ہیں۔ نوجوان کے ایل راہول جو ڈینگو بخار کے سبب بنگلہ دیش کے خلاف نہیں کھیل پائے ، وہ ساتویں بیٹسمین کی حیثیت سے واپس ہونے کا امکان ہے ۔ پہلی پسند والے وکٹ کیپر کی حیثیت سے وردھیمان ساہا بھی یقینی انتخاب معلوم ہوتے ہیں جبکہ اضافی 16 ویں رکن کی حیثیت سے نمن اوجھا یا سنجیو سامسن کو دوسرا وکٹ کیپر بنایا جاسکتا ہے ۔ تین پیس بولر اومیش یادو ، ایشانت شرما اور بھونیشور کمار کے علاوہ ورون آرن بھی صحتیابی کی شرط پر منتخب ہوسکتے ہیں۔ دو آف اسپنر روی چندرن اشون اور ہربھجن سنگھ کا انتخاب یقینی ہے جبکہ لیفٹ آرم اسپنر اکشر پٹیل یا ویٹرن لیگ اسپنر امیت شرما تیسرے اسپنر کے طورپر اسکواڈ میں شامل ہوسکتے ہیں۔