لفٹ اریگیشن سے آبی سربراہی کیلئے اقدامات

ناگر کرنول 6 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر برائے بڑی آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ نے ناگر کرنول کا دورہ کرتے ہوئے منڈل کے موضع گڈی پلی کے پاس ہونے والے کلواکرتی لفٹ اریگیشن کے تیسرے لفٹ کے تعمیری کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر نے ضلع محبوب نگر کے ریاستی وزیر نے ضلع محبوب نگر کے ریاستی وزراء مسٹر جی کرشنا راؤ، منصوبہ بندی کمیشن کے نائب صدر نرنجن ریڈی، رکن اسمبلی مسٹر مری جناردھن ریڈی کے ہمراہ ہمپ ہاؤز، سرجپول کے کاموں کی تفصیلی جانکاری حاصل کی۔ بعدازاں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مسٹر ہریش راؤ نے کہاکہ کے ایل آئی کے کاموں میں کافی سرعت پیدا ہوگئی ہے۔ تحصیل اراضی کے معاملے میں مرکزی حکومت کی جانب سے نئے طریقے کو پیش کرنے کے باوجود بروقت مسائل کی یکسوئی کے ذریعے آبپاشی پراجکٹس کے کاموں کو جاری رکھا گیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ آنے والے موسم خریف تک کے ایل آئی کے دوسرے لفٹ اریگیشن سے زرعی آب فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کے ایل آئی کے تیسرے لفٹ کے کاموں کے رُک جانے پر گتہ داروں کو اڈوانس میں 10 کروڑ روپئے مختص کرتے ہوئے کاموں کو بحال کیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ مشن کاکتیہ کے تحت ضلع محبوب نگر میں 1474 تالاب، کنٹوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں 683 تالابوں کی مرمت کیلئے لائحہ عمل کو ترتیب دیا گیا ہے۔ ان کاموں کو آئندہ دو ہفتوں میں آغاز کیا جائے گا۔ قبل ازیں ریاستی وزیر مسٹر ہریش راؤ نے مستقر ناگر کرنول میں واقع انٹگریٹیڈ کامپلکس (IOC) معائنہ کرتے ہوئے سابق میں تعمیر ہوئے اس عمارت کا اب تک افتتاح نہ ہونے کی وجہ دریافت کرنے پر مقامی رکن اسمبلی مسٹر ایم جناردھن ریڈی نے بتایا کہ اس عمارت کے کاموں کی تکمیل کے لئے مزید 20 تا 30 لاکھ روپیوں کی ضرورت ہے جس پر ریاستی وزیر نے مذکورہ رقم کی منظوری کا تیقن دیا۔ وہاں سے ریاستی وزیر گدوال کیلئے روانہ ہوگئے۔ راستے میں موضع گنیاگل میں عوام سے ملاقات کرتے ہوئے وظیفہ و ہاسپٹل میں اسکول میں دیئے جانے والے دوپہر کے کھانے کے بارے میں واقفیت حاصل کی۔ اس موقع پر رکن اسمبلی اچم پیٹ جی بالراج، سابق ایم ایل اے کلواکرتی جئے پال یادو و دیگر موجود تھے۔