لشکر طیبہ کے مشتبہ کارکن عبدالسبحان اور اسہب الدین پولیس تحویل میں

نئی دہلی 14 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) لشکر طیبہ کے مشتبہ کارکن عبدالسبحان اور اُن کے بھانجے اسہب الدین کو دہلی اور مضافاتی علاقوں میں دہشت گرد حملے کرنے کی سازش میں اُن کے مبینہ کردار کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اُنھیں آج ایک مقامی عدالت نے 5 روز کی پولیس تحویل میں دے دیا۔ دونوں کو عدالتی تحویل سے پیشی کے وارنٹ کی تعمیل میں جو کل جاری کئے گئے تھے، عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ دہلی پولیس کے خصوصی شعبہ نے ایک درخواست پیش کرتے ہوئے دونوں کو 8 دن کی پولیس تحویل میں دینے کی درخواست کی تھی تاکہ اُن کا سامنا معاون مجرم ارشد خان سے کروایا جائے جسے کل گرفتار کیا گیا تھا اور کولکتہ جیل سے یہاں منتقل کیا گیا تھا۔ پولیس نے عدالت سے کہاکہ پوری سازش کا پتہ چلانے کے لئے اُسے ملزم افراد کی تحویل کی ضرورت ہے۔ تینوں ملزمین کو ایک دوسرے کے سامنے لایا جائے گا۔ دونوں ملزمین کی پیروی کرنے والے وکیل اکرم خان نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ پولیس پہلے ہی اِن سے تفصیلی تفتیش کرچکی ہے۔ ایڈیشنل سشن جج رتیش سنگھ نے دونوں ملزموں کو 19 اگسٹ تک پولیس تحویل میں دے دیا۔ پاکستانی شہری ارشد خان جو جوتے کی صنعت کی بڑی شخصیت پارتھا رائے برمن کے اغواء مقدمہ میں گرفتار کیا گیا ہے، کل عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ اُس نے 2001 ء میں اِس صنعتکارکا اغواء کیا تھا۔ پولیس کا ادعا تھا کہ تینوں ملزمین کو ایک دوسرے کا آمنا سامنا کروانے کی ضرورت ہے تاکہ دہلی اور مضافاتی علاقوں میں دہشت گرد حملے کرنے کی مکمل سازش کا پتہ چلایا جاسکے۔