لاکھوں روپئے کا دھوکہ دینے والا گرفتار

حیدرآباد ۔ 3 جنوری ۔ ( سیاست نیوز)  سی سی ایس سائبر کرائم پولیس نے ایک شاطر دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا جس نے سافٹ ویر انجینئرس کے ایل آئی سی پالیسی بنانے پر کمیشن کا وعدہ کرکے لاکھوں روپئے کی دھوکہ دہی کی۔ ڈی سی پی ڈیٹکٹیو اویناش موہنتی نے بتایا کہ وکٹر ایمانیول چندرکانت نے کاروان کے ساکن مرزا قیوم بیگ سے خود کو لائف انشورنس کمپنی کا ملازم ظاہر کرکے خود کی شناخت وی آئی سی کانت کی حیثیت سے کرائی ۔ اُس نے بتایا کہ 2300 سافٹ ویر ملازمین انشورنس حاصل کرنے تیار ہیں اور انشورنس ایجنٹ بننے پر 10 فیصد کمیشن کا وعدہ کیا ۔ دھوکہ باز کی باتوں میں آکر قیوم بیگ نے بطور ضمانت 2.3 لاکھ نقد رقم اسکے بینک کھاتے میں منتقل کی ۔ رقم حاصل کرنے کے بعد ایمانیول نے اپنا موبائیل بند کردیا جس پر مسٹر بیگ نے سائبر کرائم پولیس سے شکایت درج کروائی تھی ۔ تکنیکی شواہد کی بنیاد پر دھوکہ باز کو گرفتار کرکے اُسے عدالتی تحویل میں دیدیا گیا۔