لاپتہ ڈاکٹر کی کار برآمد پولیس مصروف تحقیقات

حیدرآباد۔27۔اکتوبر (سیاست نیوز) گاندھی ہاسپٹل کا ایک جونیئر ڈاکٹر آندھراپردیش کے ضلع تینالی میں پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 30 سالہ جیہ چندرا گاندھی ہاسپٹل میں جونیئر ڈاکٹر کی حیثیت سے کام کر رہا تھا اور وہ اپنی پوسٹ گریجویٹ تعلیم گاندھی میڈیکل کالج سے حاصل کر رہا تھا۔ دو دن قبل جیہ چندرا اپنے چند دوستوں کے ہمراہ آبائی مقام تینالی کیلئے روانہ ہوا تھا جبکہ اس کے دوست وجئے واڑہ کے قریب کار سے اتر گئے اور وہ اپنے مکان نہیں لوٹا جس کے سبب اس کے والدین نے تینالی پولیس سے اس کی گمشدگی کی شکایت درج کروائی۔ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر کے اس کی تلاش شروع کردی تھی کہ آج گنٹور کے دگی رالا علاقہ میں واقع ایک کنال سے چیہ چندرا کی کار دستیاب ہوئی جبکہ اس کا ہنوز پتہ نہ چل سکا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔