سڈنی۔28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جسٹن لانگر کو سلیکشن کے عمل میں اعلیٰ اختیاراتی کردار دے دیا گیا۔ مارک وا کے استعفی کے بعد سلیکشن پینل میں تبدیلی ہوئی ہے۔ تاہم اب کمیٹی چار کے بجائے تین افراد پر مشتمل ہوگی۔ مارک وا کی جگہ نئے رکن کا اضافہ نہیں کیا جارہا ہے۔ سلیکشن پینل اب صرف ہیڈ کوچ جسٹن لانگر، سلیکٹر ٹریور ہونس اور ٹیلنٹ منیجر گریگ چیپل پر مشتمل ہوگا۔ لینگر ٹی ٹوئنٹی پینل کی قیادت کریں گے اور دو دیگر افراد کی معاونت حاصل ہوگی لیکن ٹسٹ اور ونڈے سلیکشن پینل کے سربراہ ہونس ہی رہیں گے۔ اس سے قبل وا جو ٹی وی کمپنی فاکس اسپورٹس میں شمولیت کیلئے آئندہ ماہ عہدہ چھوڑدیں گے صرف ٹی ٹونٹی پرتوجہ مرکوزتھی جسٹن لانگر کی نئی ذمہ داریوں کا آغاز اکتوبر میں پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے ہوگا۔ لانگر کے تقرر مئی میں کیا گیا جب سابق کپتان اسٹیو اسمتھ اور ان کے نائب ڈیوڈ وارنر کو بال ٹیمپرنگ اسکینڈل پر بارہ ماہ کیلئے معطل کیاگیا تھا جس کے نتیجے میں سابق کوچ ڈیرن لہیمن بھی مستعفی ہوگئے تھے۔