لالو کے سیاسی ٹوئیٹس کا نوٹ لینے سشیل مودی کا مطالبہ

پٹنہ ۔ /25 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ڈپٹی چیف منسٹر بہار سشیل مودی نے آج لالو پرساد یادو کے سیاسی ٹوئیٹس پر سخت اعتراض کرتے ہوئے ان پر الزام عائد کیا کہ وہ جیل سے سیاست کررہے ہیں ۔ مودی نے مرکزی حکومت سے کہا کہ سی بی آئی کو لالوپرساد کے ٹوئیٹر پر سیاسی تبصروں کا سخت نوٹ لینا چاہئیے ۔ لالو پرساد یادو کو 4 چارہ اسکام مقدمات میں مجرم قرار دیا گیا ہے اور وہ سزائے قید بھگت رہے ہیں ۔ وہ نہ تو انتخابی مقابلے میں حصہ لے سکتے ہیں اور نہ کوئی سیاسی بیانات جاری کرسکتے ہیں ۔ سشیل کمار مودی نے ٹوئیٹر پر ان کے سیاسی تبصروں کا سخت نوٹ لیتے ہوئے کہا کہ سی بی آئی کو آر جے ڈی کے صدر کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہئیے کیونکہ وہ جیل سے سیاست کررہے ہیں اور اس طرح تحقیر عدالت کے مرتکب ہیں ۔ دریں اثناء چیف منسٹر بہار نتیش کمار بھی اپوزیشن پر برہم ہوگئے ۔ کیونکہ اتوار کے دن گیا میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن نے ان کے خلاف قابل اعتراض تبصرے کئے تھے ۔ تیجسوی یادو نے مودی کے بیان کا مذاق اڑایا تھا کہ این سی پی کے جنرل سکریٹری طارق انور جلد ہی مجرموں کے قدموں پر گرپڑیں گے ۔ اس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے طارق انور نے کہا کہ حکومت بہار اپنی زندگی کے دن پورے کرچکی ہے ۔ مانجھی نے بھی حکومت پر سخت تنقید کی اور کہا کہ مہاگٹھ بندھن آئندہ انتخابات میں برسراقتدار آئے گا ۔