لالو پرساد کے قلب کی کامیاب سرجری

ممبئی ۔ 27 اگست (سیاست ڈاٹ کام) آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کی آج ایک خانگی ہاسپٹل میں 6 گھنٹے طویل قلب کی سرجری کی گئی اور اب ان کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ 66 سالہ سابق چیف منسٹر بہار کا نامور ماہر امراض قلب رماکانت پانڈا کی زیرقیادت 20 ڈاکٹرس پر مشتمل ٹیم نے ایشین ہارٹ انسٹیٹیوٹ میں آپریشن کیا۔ رما کانت پانڈا 5 سال قبل سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کا بھی آپریشن کرچکے ہیں۔ وہ انسٹیٹیوٹ کے وائس چیرمین و منیجنگ ڈائرکٹر بھی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 10 بجے صبح سرجری شروع ہوئی جو 4 بجے تک جاری رہی۔ یہ آپریشن کامیاب رہا اور اب ان کی حالت مستحکم ہے۔ تاہم انہیں تنفسی آلہ پر رکھا گیا ہے۔ کل صبح تک اسے بھی نکال دیا جائے گا۔