لاری کی ٹکر سے 5آٹو مسافر ہلاک

کھمم۔/5نومبر، ( ایجنسی ) ضلع کھمم میں پینوپلی منڈل وی ایم بینجر کے قریب منگل کی صبح پیش آئے سڑک حادثہ میں 5افراد برسر موقع ہلاک ہوگئے جبکہ کوئلہ سے لدی ایک لاری پاسنجر آٹو کو ٹکر مارنے کے بعد گھسٹیتے ہوئے کھیت میں لے گئی۔ اس خوفناک حادثہ میں آٹو میں سوار 5مسافرین کی نعشیں پچک گئیں۔ آندھرا پردیش کے ضلع کرشنا میں کنچیکا چرلہ منڈل پونارم گاؤں میں ایک مندر کے پاس دھپڑے بجاکر اپنے مکانات کو واپس ہورہے تھے۔ وی ایم بینجر۔ لوئینا گورنم دیہاتوں کے درمیان یہ حادثہ پیش آیا۔ پانچ مہلوکین کا تعلق ٹیکسو پلی گاؤں سے تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ کوئلہ سے لدی ایک لاری کتہ گوڑم سے وجئے واڑہ کی سمت جارہی تھی اور ایک تیز رفتار آٹو سے ٹکرانے کے بعد بے قابو ہوگئی اور آٹو کو گھسیٹتے ہوئے قریب ہی کھیت میں جانے کے بعد رک گئی۔ اس حادثہ میں آٹو کے پرخچے اُڑ گئے اور آٹو مسافرین کی نعشیں لاری کے سامنے حصہ میں دھنس گئیں۔ لاری کے نیچے پھنسی ہوئی نعشوں کو پوکلین کے ذریعہ نکالنے میں تقریباً تین گھنٹے لگے۔ مقام حادثہ پر کتہ گوڈیم او ایس ڈی پرتاپ ریڈی، ستوپلی ڈی ایس پی مسٹر اشوک کمار سرکل انسپکٹر چندریا نے بعد معائنہ ایک کیس درج کرلیا جبکہ لاری ڈرائیور 33سالہ وینو بھوشن نے وی ایم بینجر پولیس اسٹیشن میں خود سپردگی اختیار کی۔